چینائی : حکمراں اے آئی اے ڈی ایم کو ڈی ایم کے سے اسمبلی انتخابات میں ملی شکست کے بعد تملناڈو کے وزیراعلی ای کے پلانی سوامی نے پیر کو اپنے عہدہ سے استعفی دے دیا۔ذرائع کے مطابق مسٹر پلانی سوامی نے اپنا استعفی حکام کے ذریعہ گورنر بنواری لال پروہت تک پہنچایا۔سولہویں اسمبلی کی 234سیٹوں پر ہوئے انتخابات میں ڈی ایم کے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دس برس کے وقفہ کے بعد اقتدار میں واپسی کی ہے اور ڈی ایم کے کے سربراہ ایم کے اسٹالن پہلی بار وزیراعلی کا تاج پہننے کے لئے تیار ہیں۔مسٹر اسٹالن نے ڈی ایم کے کی قیادت والے محاذ کو ایک شاندار جیت کے لئے ترغیب دی جو 159سیٹوں پر کامیاب ہوئی ہے ۔ ڈی ایم کے اپنے دم پر 133سیٹیں جیتیں اور اکثریت حاصل کرلی جبکہ اس کے ساتھی کانگریس اور وی سی کے نے بالترتیب 18اور چار سیٹوں پر کامیابی حاصل کی نیز اتحادی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی کو دو دو سیٹیں ملی ہیں۔اے آئی اے ڈی ایم کی قیادت والے محاذ کو 75سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ ان میں اے آئی اے ڈی ایم کے کی 66، پی ایم کے کی پانچ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی چار سیٹیں شامل ہیں۔بعد میں مسٹر پلانی سوامی، جو اے آئی اے ڈی ایم کے کے جوائنٹ کوآرڈی نیٹر ہیں اور پارٹی کے کوآرڈی نیٹر او پنیرسیلومی نے انتخابات میں رائے دہندگان کا ان کی حمایت کے لئے شکریہ اداکیا۔ دونوں لیڈروں نے مشترکہ بیان میں کہاکہ اے آئی اے ڈی ایم کے ایک ذمہ دار اپوزیشن کے طورپر کام کرتی رہے گی۔