مناسب وقت پر ملک میں یکساں سیول کوڈ کا نفاذ ، بی جے پی صدر ڈاکٹر لکشمن کا بیان
حیدرآباد ۔ 12 ۔ نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر آر ٹی سی یونین میں پھوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے سی آر حکومت کے لئے زوال کا سبب بن سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال دراصل چیف منسٹر کے ڈکٹیٹرشپ کا کھلا ثبوت ہے۔ گزشتہ 33 دن سے ملازمین ہڑتال پر ہیں لیکن کے سی آر مذاکرات کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے آر ٹی سی ملازمین کی کے سی آر توہین کر رہے ہیں۔ تحریک کے دوران چیف منسٹر نے آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ، انہیں فراموش کردیا گیا ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ چیف منسٹر کے حلقہ گجویل سے تعلق رکھنے والے آر ٹی سی ملازمین انصاف سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے سی آر حکومت کو مناسب سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی سی یونین کے قائدین کے بارے میں مختلف اطلاعات گشت کرائی جارہی ہے تاکہ یونین میں پھوٹ پیدا ہو۔ بی جے پی صدر نے ملازمین کی خودکشی کے واقعات کے باوجود حکومت کے غیر انسانی سلوک کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے ملازمین کو برطرف کرنے کا حکم دینے والے چیف منسٹر کے خلاف کیا کارروائی کی جائے جو سکریٹریٹ سے خدمات انجام نہیں دیتے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ سکریٹریٹ کے بجائے اپنی قیامگاہ سے سرکاری کام کاج چلانے والے چیف منسٹر کو کتنی بار برطرف کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزراء ، ارکان اسمبلی اور چیف منسٹر کی تنخواہیں تو ادا کی جارہی ہیں لیکن آر ٹی سی ملازمین گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ڈاکٹر لکشمن نے پیش قیاسی کی کہ آنے والے دنوں میں بی جے پی تلنگانہ میں برسر اقتدار آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بی جے پی کے امیج میں اضافہ ہوا ہے ۔ مرکز نے کشمیر کے خصوصی موقف کی برخواستگی کے ذریعہ 70 سالہ قدیم تنازعہ حل تلاش کیا ہے۔ انہوں نے ایودھیا تنازعہ کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ملک میں جب بھی مناسب وقت آئے گا ، حکومت یکساں سیول کوڈ نافذ کرے گی۔ جس طرح آندھرائی طاقتوں سے نجات کیلئے تلنگانہ تحریک چلائی گئی تھی، اسی طرح کے سی آر حکومت سے نجات حاصل کرنے کیلئے عوام جدوجہد کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں اور قائدین کو مکانات پر محروس رکھتے ہوئے جدوجہد کو ناکام نہیں کیا جاسکتا۔