ممتا بنرجی کی کانگریس سے دوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش ۔ ترنمول کانگریس کے موقف پر تجسس برقرار
حیدرآباد۔26نومبر(سیاست نیوز) کے سی آر کے فیڈرل فرنٹ کے متعلق دوبارہ قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں لیکن سیاسی ماہرین کا کہناہے کہ فیڈرل فرنٹ کے قیام کے فوری طور پر کوئی آثار نہیں ہیں اس کے باوجود تلنگانہ راشٹر سمیتی سربراہ مسٹر کے چندر شیکھرراؤ فیڈرل فرنٹ کے قیام کے سلسلہ میں دوبارہ کوشاں نظر آنے لگے ہیں۔چیف منسٹر بنگال و سربراہ ترنمول کانگریس ممتابنرجی کے سونیا گاندھی پر کئے گئے ریمارکس کے فوری بعد یہ کہا جانے لگا ہے کہ دوبارہ فیڈرل فرنٹ کے قیام کی راہیں ہموار ہونے لگی ہیں۔ ممتا بنرجی سے دورۂ دہلی کے دوران کانگریس سربراہ سونیا گاندھی سے ملاقات نہ کئے جانے پر کئے گئے سوال کے جواب میں ممتا بنرجی نے کہا کہ دہلی کے دورہ اور وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد سونیا گاندھی سے ملاقات کرنا کوئی آئنی ذمہ داری نہیں ہے ۔ ممتا بنرجی کے اس ریمارک کو ترنمول کانگریس اور کانگریس کے درمیان دوریوں سے تعبیر کرتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ ممتا بنرجی جلد ہی اس فرنٹ کا حصہ بننے کے لئے خود کو تیار کررہی ہیں جو کہ غیر بی جے پی اور غیر کانگریس ہو۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف مہم اور اعلان جنگ کے بعد ہونے والی اس سیاسی پیشرفت پر کہا جا رہاہے کہ فیڈرل فرنٹ کے معاملہ میں ترنمول کانگریس کی جانب سے جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ فیڈرل فرنٹ جو کہ چیف منسٹر تلنگانہ و سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے چندر شیکھر راؤ کے ذہن کی اختراع ہے ان کی جانب سے گذشتہ میں بھی غیر بی جے پی و غیر کانگریس قومی فرنٹ کی تشکیل کی کوشش کی گئی تھی۔ ممتابنرجی کے دورہ دہلی کے دوران سونیا گاندھی سے ملاقات نہ کئے جانے کے بعد اب کہا جا رہاہے کہ وہ کانگریس سے دوری بنائے رکھنے کے حق میں ہیں لیکن دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہاہے کہ فیڈرل فرنٹ میں ممتا بنرجی شامل ہوں گی ایسا ضروری نہیں ہے کیونکہ دورۂ دہلی کے دوران چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ بھی دہلی میں موجود تھے لیکن ممتا بنرجی کی ان سے بھی ملاقات نہیں ہوئی اسی لئے یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ ممتا بنرجی فیڈرل فرنٹ کا حصہ بننے جا رہی ہیں اسی لئے کانگریس سے دوری اختیار کررہی ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے دہلی میں قیام کے دوران وہ وزیر اعظم ‘ وزیر داخلہ سے ملاقات کرنے والے تھے لیکن ان کی یہ ملاقات نہیں ہوپائی اس کے علاوہ وہ ممتا بنرجی سے بھی ملاقات کے خواہاں تھے لیکن ممتا بنرجی سے بھی ملاقات نہ ہونے پر یہ کہا جا رہاہے کہ ممتا بنرجی کی فیڈرل فرنٹ میں شمولیت کی اطلاعات محض قیاس پر مبنی ہیں ۔