چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی آج سماج وادی پارٹی کی انتخابی ریالی میں ممتا بنرجی کے ساتھ شرکت متوقع

   

حیدرآباد۔ 2 مارچ (پریس نوٹ) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ دہلی کے دورہ پر ہیں جہاں انہوں نے دہلی کے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ، کسان لیڈر راکیش ٹکیٹ اور دیگر علاقائی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ ملاقات کا پروگرام بنایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چندر شیکھر راؤ 3 مارچ کو وارانسی میں سماج وادی پارٹی کی انتخابی ریالی میں چیف منسٹر مغربی بنگال و صدر ترنمول کانگریس ممتابنرجی کے ساتھ حصہ لے سکتے ہیں۔ وارانسی وزیر اعظم نریندر مودی کا پارلیمانی حلقہ ہے۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر کے وارانسی میں سماج وادی پارٹی کی ریالی میں حصہ لینے کا ابھی کوئی منصوبہ سامنے نہیں آیا ہے۔ ایک سینئر قائد نے بتایا کہ اگر اکھلیش یادو کی جانب سے انہیں مدعو کیا جاتا ہے تو وہ عوامی جلسہ میں شریک ہوسکتے ہیں کیونکہ وارانسی میں بڑی تعداد میں تلگو بولنے والے رہتے ہیں۔ ممتابنرجی 2 مارچ کو وارانسی پہنچ رہی ہیں اور 3 مارچ کو وہ سماج وادی پارٹی کی ریالی میں حصہ لیں گی۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نئی دہلی میں بی جے پی اور کانگریس کے بغیر علاقائی جماعتوں کے اتحاد کے سلسلہ میں مختلف قائدین سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں تاحال پیر سے اب تک انہوں نے قومی دارالحکومت میں کسی بھی لیڈر سے ملاقات نہیں کی ہے۔ چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ ہفتہ ممبئی میں مہاراشٹرا کے چیف منسٹر اودھو ٹھاکرے کے علاوہ این سی پی سربراہ شرد پوار اور دیگر قائدین سے ملاقات کی تھی۔ اس سے قبل بھی وہ چیف منسٹر ٹاملناڈو اسٹالن اور دیگر سے اس سلسلہ میں ملاقات کرچکے ہیں۔ وہ مرکز کی بی جے پی حکومت اور اس کی اسکیمات اور فیصلوں سے شدید طور پر ناراض ہیں جس میں آل انڈیا سرویس کیڈر رولس میں ترمیم قابل ذکر ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ چندر شیکھر راؤ چہارشنبہ کو ڈنٹل ہاسپٹل بھی جائیں گے۔