ریاست کے پہلے IDTR کا آغاز، نرسنگ کالج ،کلکٹریٹ اور ڈبل بیڈ روم مکانات کی نئی عمارتیں
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج سرسلہ ضلع کا دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ چیف منسٹر نے ریاست میں قائم ہونے والے پہلے انسٹی ٹیوٹ آف ڈرائیونگ، ٹریننگ اینڈ ریسرچ (IDTR) کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے مندے پلی گاؤں میں ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کرتے ہوئے مکینوں کے ساتھ مکانات کا معائنہ کیا اور کچھ وقت گذارا۔ چیف منسٹر نے 1320 ڈبل بیڈروم مکانات کے اپارٹمنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں کو مکانات حوالے کئے۔ انہوں نے بعض غریب خاندانوں میں امکنہ پٹہ جات حوالے کئے۔ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ، وی پرشانت ریڈی، پی اجئے کمار، نرنجن ریڈی، چیف سکریٹری سومیش کمار اور عوامی نمائندوں کے ہمراہ چیف منسٹر نے مختلف تقاریب میں حصہ لیا۔ آئی ڈی ٹی آر پراجکٹ ریاست کا پہلا پراجکٹ ہے جس پر 16.48 کروڑ کا خرچ آیا ہے۔ جنوبی ریاستوں میں یہ اپنی طرز کا پہلا ادارہ ہے جہاں ہائی ٹیک ڈرائیونگ اسکول کے علاوہ امیدواروں کو ہیوی ڈرائیونگ کی ٹریننگ دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے سرسلہ میں گورنمنٹ نرسنگ کالج کا افتتاح کیا اور نرسنگ طالبات سے بات چیت کی۔ چیف منسٹر نے سرداپور گاؤں میں عصری اگریکلچرل مارکٹ یارڈ کا افتتاح کیا۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹریٹ کامپلکس کے افتتاح کی رسم انجام دی۔ عصری سہولتوں کے ساتھ اس کامپلکس میں تمام اہم محکمہ جات کے دفاتر قائم کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کلکٹر کرشنا بابو کو چیمبر میں ان کی کرسی بٹھایا۔ کلکٹر نے چیف منسٹر سے ہر ضلع میں کلکٹریٹ کامپلکسوں کی تعمیر پر اظہار تشکر کیا۔ ضلع ہیڈ کوارٹر سے پانچ کیلو میٹر کی دوری پر کسانوں کیلئے بہتر سہولتوں کے ساتھ مارکٹ یارڈ تعمیر کیا گیا ہے۔ 20 ایکر اراضی پر 20 کروڑ روپئے کے صرفہ سے مارکٹ یارڈ کی تعمیر عمل میں آئی۔ سرسلہ مارکٹ کمیٹی اور دیگر مقامی کمیٹیوں کے نمائندوں نے چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے نرسنگ کالج کے افتتاح کے بعد خصوصی پوجا میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر نے ڈاکٹرس اور میڈیکل طلبہ سے علاج کی سہولتوں کی بارے میں دریافت کیا۔ 36.45 کروڑ کے صرفہ سے یہ عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ اس کالج کیلئے 48 مختلف جائیدادوں کی منظوری دی گئی۔ نرسنگ کالج میں طالبات کی تعداد 200 ہے۔ چیف منسٹر نے ڈبل بیڈ روم مکانات کے افتتاح کے بعد تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور مکانات میں فراہم کی گئی سہولتوں پر مسرت کا اظہار کیا۔