٭ شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹرا کی نئی حکومت کی تشکیل کے بارے میں اتحادی بی جے پی کے ساتھ جاری رسہ کشی کے درمیان جمعرات کو دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زعفرانی اتحاد کو توڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں لیکن انہیں توقع ہے کہ بی جے پی لوک سبھا انتخابات کے دوران اقتدار کی مساوی تقسیم کے اپنے وعدے کی پاسداری کرے۔ ادھو نے کہا کہ وہ (بی جے پی) اگر چیف منسٹر مہاراشٹرا کا عہدہ 2.5 سال کیلئے ہمیں دینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو مجھے فون کریں اور اس بارے میں بات کریں، بصورت دیگر مجھے فون کرنے کی زحمت نہ کریں۔اسمبلی چناؤ کے نتائج میں زعفرانی اتحاد کو تشکیل حکومت کیلئے معقول عددی طاقت حاصل ہوئی ہے لیکن شیوسینا نے چیف منسٹر کے عہدہ کو تقسیم کرنے پر اصرار کرتے ہوئے نئی حکومت کی تشکیل کو کٹھن بنادیا ہے ۔ بی جے پی بھی اپنے موقف پر اٹل ہے۔