چیف منسٹر کا مسلم رہنمائوں کی ضیافت میں ظہرانہ

   

پرگتی بھون میں حیدرآبادی غذاؤں سے بھرپور لنچ ۔ زائد از 35 علماء و مشائخین اور قائدین شریک
حیدرآباد، 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) مہمان نوازی کیلئے شہرت رکھنے والے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے آج مسلم رہنمائوں کی روایتی حیدرآبادی غذائوں سے ضیافت کرتے ہوئے دل جیت لئے۔ کے سی آر کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ جو بھی ملاقات کیلئے آئے سب سے پہلے حیدرآبادی کھانوں سے اس کی تواضع کرتے ہیں جس کے بعد کسی حساس مسئلہ پر گفتگو میں بھی نرمی کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ 35 سے زائد علماء و مشائخین جب صدر مجلس اسد اویسی اور فلور لیڈر اکبر اویسی کے ہمراہ پرگتی بھون پہنچے تو سب سے پہلے انہیں ظہرانے کی دعوت دی گئی۔ چیف منسٹر خود بھی ظہرانے میں شریک ہوئے۔ لنچ ٹیبل پر حیدرآباد کی تمام روایتی غذائیں سجائی گئیں جن میں مچھلی، جھینگا، چکن، گوشت کا سالن، حیدرآبادی بریانی کے ساتھ سادہ کھانا، دہی، ٹماٹر کا سالن، فروٹ سلاد اور گلاب جامن شامل تھے۔ چیف منسٹر نے وفد کے شرکاء کی بھرپور تواضع کی اور جب میٹھا کھانے کا مرحلہ آیا تو وفد میں شامل کئی افراد یہ کہتے ہوئے رک گئے کہ انہیں شوگر کا عارضہ ہے جس پر چیف منسٹر نے کہا کہ انہیں بھی شوگر ہوچکا ہے اور وہ بھی میٹھا کم کرچکے ہیں۔ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والوں میں مفتی خلیل احمد، مولانا سید محمد قبول پاشاہ قادری، مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی، مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری، مولانا اولیا حسینی، مولانا مفتی ضیاء الدین نقشبندی، مفتی صادق محی الدین، مولانا حامد محمد خان، مولانا حافظ پیر شبیر احمد، مفتی غیاث الدین رحمانی، ڈاکٹر نثار حسین حیدر آغا، مولانا مسعود حسین مجتہدی، جناب ضیاء الدین نیر، مولانا سید شاہ ظہیر الدین صوفی، مولانا صفی احمد مدنی، مولانا رحیم الدین انصاری، جناب منیرالدین مختار، مولانا سید حامد محمد قادری، مولانا اکرم پاشاہ قادری، مولانا علی قادری الہاشمی، مولانا مصطفی علی صوفی، مولانا احمد الحسینی، مولانا حامد حسین حسان فاروقی، مولانا احسن الحمومی، جناب محمد اظہر الدین، جناب عامر اللہ خان، ڈاکٹر اسماء زہرہ اور دوسرے شامل ہیں۔