سہولتوں پر قیدیوں سے استفسار، تیار کردہ اشیاء کا معائنہ
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دورۂ ورنگل کے موقع پر ورنگل سنٹرل جیل کا معائنہ کیا اور قیدیوں سے بات چیت کی۔ سنٹرل جیل میں چیف منسٹر نے قیدیوں کو دی جانے والی سہولتوں اور کورونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ چیف منسٹر نے قیدیوں اور جیل حکام سے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر جیل میں تمام تر احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے قیدیوں کو مشورہ دیا کہ وہ کووڈ قواعد کی پابندی کریں۔ چیف منسٹر نے قیدیوں کی جانب سے تیار کی جانے والی مختلف اشیاء کا معائنہ کیا اور ان کی ستائش کی ۔ چیف منسٹر نے بعض قیدیوں سے ان کے جرم کے بارے میں سوال کیا جس کے نتیجہ میں جیل کی سزا ہوئی ہے۔ ایک قیدی نے چیف منسٹر کے پیر چھوکر انہیں اپنی بپتا سنائی۔ کے سی آر کافی دیر تک اس قیدی کے پاس کھڑے رہے اور اس کے مسائل کی سماعت کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو اس معاملہ کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ۔ تمام قیدی کووڈ قواعد کی پابندی کے ساتھ موجود تھے۔ جیل آمد پر قیدیوں نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان کی آمد سے جیل میں سہولتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ بتایاجاتا ہے کہ جیلوں میں قیدیوں کو کورونا کے واقعات میں اضافہ کی اطلاعات پر چیف منسٹر نے ورنگل سنٹرل جیل کے معائنہ کا فیصلہ کیا۔