تلگو ٹی وی چیانل کے اینکر کی تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست
حیدرآباد۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا پتہ بتانے اور ان کی صحت سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کیلئے تلنگانہ ہائی کورٹ میں تلگو ٹی وی چینل کے ایک اینکر نے رٹ درخواست داخل کی۔ گذشتہ 10 دنوں سے چیف منسٹر کے بارے میں کوئی معلومات حاصل نہ ہونے پر نوین کمار چنتا پنڈو عرف تین مار ملنا نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج ایک درخواست داخل کی جس میں انہوں نے چیف سکریٹری تلنگانہ اور پرنسپل سکریٹری محکمہ وزارت داخلہ کو فریق بنایا ہے۔ انہوں نے رٹ درخواست میں کہا کہ کوویڈ 19 جیسی ہنگامی صورتحال میں چیف منسٹر کا گذشتہ 10دنوں سے کوئی پتہ نہیں ہے اور وہ اس کے لئے فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو آخری مرتبہ سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی 28 جون کو صدی تقریب میں بغیر ماسک کے دیکھا گیا تھا جس میں 100 سے زائد افراد نے حصہ لیا تھا۔ درخواست گذار نے یہ بھی بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ نے ہریتا ہارم ( شجرکاری) پروگرام میں 25 جون کو بھی حصہ لیا تھا جس میں وہ بغیر ماسک کے دیکھے گئے تھے اور اس پروگرام میں 100 سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔ تین مار ملنا نے رٹ درخواست میں عدالت کو یہ بتایا کہ وہ تلنگانہ کے متوطن ہونے اور یہاں کے شہری ہونے پر کے سی آر کی صحت سے متعلق فکر مند ہیں کیونکہ انہوں نے کئی اخبارات اور چینلس میں پرگتی بھون کے 30 سے زائد افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبریں دیکھی ہیں۔ درخواست گذار نے عدالت سے یہ درخواست کی ہے کہ کے سی آر کی صحت سے متعلق تفصیلات فی الفور فراہم کریں کیونکہ ہر کوئی ان کے لئے فکر مند ہے۔ ہائی کورٹ سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس رٹ درخواست کی سماعت جلد از جلد کی جائے تاکہ چیف منسٹر کا پتہ لگاسکے۔