چیف منسٹر کا پی اے ظاہر کرکے عوام کو ٹھگنے والا دھوکہ باز گرفتار

   

حیدرآباد ۔ خود کو چیف منسٹر کا پی اے ظاہر کرتے ہوئے عوام کو کروڑہا روپے کا دھوکہ دینے والے ایک دھوکہ باز اور اس کے دو ساتھیوں کو ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 25 سالہ اے سدھاکر جو ریئل اسٹیٹ کا تاجر ہے اور اس کا تعلق ضلع پداپلی سے ہے۔ وہ سال 2004 میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور محکمہ ٹورازم اور دیگر محکمہ جات میں بحثیت ڈرائیور ملازمت کی جہاں پر اس نے دیکھا کہ بڑے سرکاری عہدیدار پرتعیش زندگی گذار رہے ہیں۔ اس نے اپنے دو ساتھیوں ایس ناگراجو اور بی بھیمیا کی مدد سے عوام کو دھوکہ دینے کا سلسلہ شروع کیا اور خود کو چیف منسٹر کا پی اے ظاہر کرکے ایک شناختی کارڈ بھی تیار کیا اور اپنے دو ساتھیوں کو گن مین ظاہر کرکے سفاری سوٹ دلائے اور کھلونے کی بندوق بھی اپنے قبضہ میں رکھی۔ وہ اکثر قیمتی گاڑیوں میں گھوما کرتا تھا اور کئی افراد کو یہ باور کراتا تھا کہ وہ چیف منسٹر کا پی اے ہے اور ڈبل بیڈروم کے علاوہ سرکاری اراضیات، سرکاری ملازمتیں فراہم کرسکتا ہے۔ اس دعوے کے ذریعہ اس نے عوام سے تین کروڑ روپے وصول کئے۔ ٹاسک فورس ناتھ زون کو اطلاع ملنے پر حراست میں لے کر تفتیش کی اور اس کے قبضہ سے ایک کروڑ روپے نقد رقم، دو کروڑ مالیتی دستاویزات اور قیمتی کاریں اور دیگر اشیا ضبط کرلیا۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ شہر کے علاوہ سائبر آباد اور رچہ کنڈا میں جملہ 8 دھوکہ دہی کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ گرفتار ملزمین کو متعلقہ پولیس کے حوالہ کردیا گیا۔