چیف منسٹر کا 19 اور 20 اگسٹ کو میدک اور سوریا پیٹ کا دورہ

   

کلکٹریٹس اور بی آر ایس کی نئی عمارتوں کا افتتاح، پارٹی کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 19 اور 20 اگسٹ کو اضلاع میدک اور سوریا پیٹ کا دورہ کریں گے۔ چیف منسٹر دفتر کی جانب سے جاری کردہ پروگرام کے مطابق کے سی آر 19 اگسٹ کو میدک ضلع کلکٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے دفاتر کا افتتاح کریں گے۔ وہ میدک ضلع بی آر ایس آفس کی نئی عمارت کا افتتاح انجام دیں گے۔ بعد میں وہ پارٹی کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر 20 اگسٹ کو سوریا پیٹ ضلع کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ نئے ضلع کلکٹریٹ کا افتتاح انجام دینے کے بعد وہ ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس کے دفتر کا آغاز کریں گے۔ وہ سوریا پیٹ ضلع میں قائم کئے جانے والے گورنمنٹ میڈیکل کالج کی عمارت کا افتتاح کریں گے اور نئے پارٹی آفس کی عمارت کا آغاز کریں گے۔ اس موقع پر کے سی آر پارٹی کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے تحت دورہ اضلاع کا منصوبہ بنایا ہے۔ وہ آئندہ ماہ ستمبر میں کئی اضلاع کا دورہ کرسکتے ہیں اور عوامی جلسوں سے خطاب کے علاوہ حکومت کی نئی اسکیمات کے استفادہ کنندگان میں امدادی رقم کے چیکس حوالے کریں گے۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کے دستاویزات بھی غریب خاندانوں میں جاری کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے دورہ اضلاع کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس، وزراء اور ارکان اسمبلی کو تیاریوں کی ہدایت دی گئی ہے۔