قحط سالی سے نمٹنے فنڈز جاری کرنے امداد کی اپیل
نئی دہلی۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور زور دیا کہ ریاست میں بارش کی 45% کمی کے باعث کرناٹک شدید قحط سالی کی زد میں ہے اور مرکز نے امداد کی اپیل کی۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل ریاستی حکومت نے مرکز کو ایک یادداشت پیش کی تھی جس میں اپیل کی گئی تھی کہ ربیع کی فصل کی ناکامی کے باعث جو کسان شدید متاثر ہوئے ہیں، ان کو 2,064 کروڑ روپئے کی امداد دی جائے۔ حکام کے مطابق کمارا سوامی نے وزیراعظم سے یہ بھی درخواست کی کہ ان کی ریاست کی مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گیارنٹی ایکٹ (MNREGA) کی باقی ماندہ رقم بھی حوالے کی جائے کیونکہ حکومت کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کی اسکیم پر بھرپور عمل کیا ہے اور سوامی نے وزیراعظم سے کہا کہ اس سال بھی 45% بارش کی کمی کے باعث ریاست شدید قحط سالی کی زد میں ہے۔ MNREGA اسکیم کے تحت مرکز ریاست کرناٹک کو 1,500 کروڑ روپئے ادا شدنی ہے۔ کرناٹک کے 13 اضلاع کے 156 تعلقہ جات شدید قحط سالی کی زد میں ہیں۔
