درگاہ یوسفینؒ میں وضو خانہ کا سنگ بنیاد ، حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی کاموں کا بھی عنقریب آغاز
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : وزیر داخلہ محمد محمود علی درگاہ حضرات یوسفینؒ نامپلی میں وضو خانہ اور ٹائلٹس کے تعمیری کاموں کا آج سنگ بنیاد رکھا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اس کام کے لیے 21 لاکھ 55 ہزار روپئے مختص کیے ہیں ۔ تقریب میں صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم ، ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین ، سابق صدر نشین سٹ ون عنایت علی باقری اور ٹی آر ایس کے قائدین شریک تھے ۔ درگاہ میں زائرین کو درپیش مشکلات کے سبب مجلس بلدیہ نے تعمیری کاموں کی منظوری دی ہے اور اندرون 3 ماہ وضو خانہ اور بیت الخلاوں کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا ۔ وزیر داخلہ محمود علی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو بزرگان دین سے کافی عقیدت ہے ۔ اور درگاہوں کے پاس زائرین کے لیے بہتر انتظامات کے لیے بارہا ہدایت دیئے ہیں ۔ تلنگانہ تحریک کے آغاز اور پھر ریاست کی تشکیل کے بعد بھی کے سی آر نے درگاہ یوسفینؒ پر حاضری دی اور زائرین کی سہولتوں کا جائزہ لیا تھا ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر مجلس بلدیہ نے رقم منظور کی ہے ۔ محمود علی نے بتایا کہ درگاہ جہانگیر پیراںؒ کی ترقی کے لیے 50 ایکڑ اراضی اور 50 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ۔ ترقیاتی پلان تیار ہوچکا ہے کام کا جلد آغاز ہوگا ۔ حیدرآباد میں اسلامک سنٹر کے لیے 10 ایکڑ اراضی اور 50 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک میں گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہے ۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے 21 لاکھ کی منظوری پر بلدیہ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ سماع خانہ کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کام کے آغاز کے لیے جلد اقدامات کئے جائیں گے ۔ ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین نے کہا کہ گذشتہ 20 برسوں سے زائرین کو دشواریوں کا سامنا تھا ۔ کے سی آر نے تلنگانہ تحریک کا آغاز درگاہ یوسفین ؒ پر حاضری سے کیا تھا ۔ یہاں ملک بھر سے بلا لحاظ مذہب و ملت زائرین پہونچتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 3 ماہ میں تعمیری کام مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ درگاہ کے اطراف کی سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی ۔ اس موقع پر معززین کی دستار بندی کی گئی ۔۔