ابراہیم پٹنم میں زمین پر قبضہ کی کوششوں کے خلاف احتجاج
حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کیمپ آفس پرگتی بھون بیگم پیٹ کے قریب آج صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک جوڑے نے خودسوزی کی ناکام کوشش کی ۔ پولیس کے بموجب 35 سالہ ایم آئیلیش اور اس کی بیوی انورادھا اپنے تین بچوں کے ہمراہ چیف منسٹر کیمپ آفس کے قریب پہنچ گئے اور چیف منسٹر کے سی آر کیمپ آفس سے باہر نکالنے کے دوران اچانک خود پر کیروسین چھڑک کر آگ لگا لینے کی ناکام کوشش کی۔ کیمپ آفس کے قریب چوکس پولیس عملہ نے انہیں فوری حراست میں لے لیا اور پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ پولیس کی جانچ کے دوران یہ معلوم ہوا کہ آئیلیش کا تعلق ابراہیم پٹنم سے ہے اور اس کے گاؤں میں 5 ایکڑ اراضی ہے جسے غیرمجاز طور پر ہڑپ لینے کی ناکام کوشش کی جس میں وہاں کے سابق منڈل ریوینیو آفیسر ویلیج ریوینیو آفیسر بھی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہاں کے سابق ایم آر او وٹل، سابق وی آر او رام ریڈی، سابق آر ڈی او راج شیکھر اور سابق بھودان چیرمین راجندر ریڈی کے خلاف ابراہیم پٹنم پولیس نے دھوکہ دہی اور جعل سازی کا مقدمہ درج کیا تھا لیکن پولیس ان کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر رہی۔ پولیس اسٹیشن سے انصاف نہ ملنے کے نتیجہ میں آئیلیش اور اس کی بیوی نے چیف منسٹر کیمپ آفس کے قریب خودسوزی کرلینے کا فیصلہ کیا اور اپنے ہمراہ کیروسین لے آئی ۔ اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کیمپ آفس کے عہدیداروں نے اس سلسلے میں کارروائی کا حکم دیا۔