چیف منسٹر کیمپ آفس کے بیریکیٹ کو ٹکر مقدمہ میںمزید دو ملزمین بشمول انسپکٹر پولیس گرفتار

   

حیدرآباد : /28 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس پارٹی کے سابق رکن اسمبلی عامر شکیل کے بیٹے راحیل شکیل کے چیف منسٹر کیمپ آفس کے قریب حادثہ کیس میں پولیس پنجہ گٹہ نے آج مزید دو ملزمین بشمول بودھن پولیس اسٹیشن سے وابستہ انسپکٹر کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ دنوں عامر شکیل کے بیٹے راحیل شکیل نے چیف منسٹر کے دفتر پرجا بھون کے قریب پولیس بیریکیٹ کو ٹکر دے کر جائے حادثہ سے فرا ہوگیا تھا اور بعد ازاں وہ دوبئی کو روانہ ہوگیا ۔ اس معاملہ میں پولیس پنجہ گٹہ نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور شواہد کی بنیاد پر 6 ملزمین کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ عامر شکیل کو بھی اس کیس میں ملزم بتایا گیا ۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ راحیل شکیل کو دبئی فرار کرنے میں نظام آباد کے بودھن پولیس اسٹیشن سے وابستہ انسپکٹر پریم کمار نے مکمل تعاون کیا ۔ پولیس کو تحقیقات میں یہ پتہ چلا ہے کہ ملزم راحیل شکیل کو ملک چھوڑکر فرار ہونے میں مذکورہ انسپکٹر نے اہم رول ادا کیا تھا ۔ اس کیس کے سلسلہ میں حیدرآباد پولیس نے اُس وقت کے انسپکٹر پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن درگا راؤ کو معطل کردیا تھا اور ملزم راحیل کیلئے لک آوٹ نوٹس جاری کیا ہے ۔