سونیاگاندھی ’اندراگاندھی بھون ‘کاافتتاح کریں گی‘ریونت ریڈی کی آج اور کل مرکزی وزراء سے ملاقات متوقع
حیدرآباد 14 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش گوڑ، ریاستی وزراء کے علاوہ پارٹی کے اہم قائدین آج شام دہلی کیلئے روانہ ہوگئے جہاں وہ کل 15 جنوری کو پارٹی کے دفتر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی ‘کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن قائد راہول گاندھی اور دیگر اہم قائدین کی موجودگی میں پارٹی کے نئے دفتر کا افتتاح کریں گی۔جدید سہولیات سے آراستہ نیا دفتر اپنے تاریخی اکبر روڈ بیس کو برقرار رکھتے ہوئے پارٹی کی نئی ضروریات کو پورا کرے گا۔ چیف منسٹر کے ساتھ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا کے علاوہ اہم وزراء اس دورے میں شامل ہیں۔ چیف منسٹر چہارشنبہ اور جمعرات کو دہلی میں قیام کریں گے اور دہلی میں دستیاب مرکزی وزراء سے ملاقات کا بھی منصوبہ ہے۔ مرکزی وزراء سے ملاقات پر ریاست کے ترقیاتی پراجکٹس اور فلاحی اسکیمات اور دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مرکزی وزراء سے ملاقات کے دوران ریاست کے متعلقہ وزراء کو بھی ساتھ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تلنگانہ کے تمام اہم کانگریس قائدین دو دن تک دہلی میں موجود رہنے کے دوران پارٹی ہائی کمان سے بھی ملاقات کرتے ہوئے ریاست کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کرنے کی بھی تیاری کی جارہی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران پہلی مرتبہ تمام قائدین ایک ساتھ دہلی میں موجود رہیں گے۔ اسی دوران پارٹی کے سینئر قائدین بشمول اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے، قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی، پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال سے بھی ملاقات کریں گے۔ کابینہ کی توسیع، پردیش کانگریس عاملہ کی تشکیل، نامزد عہدوں پر تقررات کے لئے تبادلہ خیال کا قوی امکان ہے۔ ایک ہفتہ قبل کے سی وینو گوپال نے گاندھی بھون میںپولٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے حکومت اور پارٹی کی کارکردگی کاجائزہ لیا تھا جس میں ریاست کے کانگریس قائدین نے مختلف مسائل سے اُنھیں واقف کرایا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی وینو گوپال نے دہلی پہونچ کر کھرگے اور راہول گاندھی کو تلنگانہ کی تازہ صورتحال پر رپورٹ پیش کی جس کے بعد تلنگانہ کے کانگریس قائدین دہلی پہونچے ہیں جس کی وجہ سے اس دورے کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بیرونی ممالک کے دورے میں چیف منسٹر کے ارکان خاندان بھی شامل ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزیر صنعت و آئی ٹی ڈی سریدھر بابو کی قیادت میں ایک وفد 16 جنوری کو دہلی سے سنگاپور کے لئے روانہ ہوگا۔ 19 جنوری کو سنگاپور میں اسکل یونیورسٹی کی حصہ داری معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کا وفد صنعتی سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کرے گا۔ 20 تا 22 جنوری تک ڈاوس کا دورہ کرے گا۔ 2