چیف منسٹر کی انتخابی مہم کا آج آغاز ،انتخابی حکمت عملی کو قطعیت

   

بلدی انتخابات میں تمام سروے کانگریس کے حق میں : ریونت ریڈی

حیدرآباد۔ 3 فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ بلدی انتخابات میں تمام سروے کانگریس کے حق میں ہیں۔ 80% بلدیات اور کارپوریشنس پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ 20% بلدیات پر کامیابی کیلئے کانگریس قائدین کو محنت کرنی ہے۔ چیف منسٹر 4 فروری سے انتخابی مہم کا آغاز کررہے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے پارٹی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورتحال، بلدی انتخابات میں کانگریس کی حکمت عملی، انتخابی میدان میں باغی امیدواروں کی موجودگی، انتخابی مہم کے علاوہ دیگر اُمور کا جائزہ لیا اور سروے رپورٹ سے انہیں واقف کراتے ہوئے جہاں کانگریس کمزور ہے وہاں مضبوط طریقے سے انتخابی مہم چلانے، حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں سے عوام میں شعور بیدار کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے امریکہ کے دورہ سے واپسی پر پارٹی قائدین سے دو زوم میٹنگس کا انعقاد کیا ۔ کانگریس کی انتخابی مہم کا چیف منسٹر ریونت ریڈی ضلع نلگنڈہ کے مریال گوڑہ سے آغاز کریں گیش جہاں وہ 200 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر ہونے والے ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ ریسیڈنشیل اسکول کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ خواتین کی تنظیموں میں چیکس تقسیم کریں گے۔ اس کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد 5 فروری کو چپا ڈنڈی ، 6 فروری کو نظام آباد رورل، 7 فروری کو پرگی، 8 فروری کو بھوپال پلی اور 9 فروری کو میدک میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ انتخابی میدان میں موجود باغیوں کے مسئلہ کو سنجیدگی سے حل کریں اور کہیں بھی بغاوت نہ ہونے دیں۔ اس کے علاوہ شمالی تلنگانہ میں بی جے پی کے ممکنہ مضبوط چیلنج کے پیش نظر اس کا مقابلہ کرنے کیلئے خصوصی سیاس حکمت عملی پر کام کرنے کا پارٹی قائدین کو مشورہ دیا۔ بلدی انتخابات کیلئے کانگریس نے خصوصی منصوبہ بندی تیار کی ہے۔ 15 پارلیمانی حلقوں کیلئے اسکریننگ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ ان کمیٹیوں میں ضلعی صدور مقامی ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ پارٹی کے سینئر قائدین کو شامل کیا گیا ہے۔ کانگریس قائدین کا ماننا ہے کہ چیف منسٹر کے دوروں اور انتخابی جلسوں سے پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا ہوگا اور بلدی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے امکانات مزید مضبوط ہوں گے۔2