چیف منسٹر کی حیثیت سے ادھوٹھاکرے کی آج حلف برداری

,

   

شیواجی پارک میں تقریب۔ سونیا ، ممتا، کجریوال، اسٹالین اور دیگر اہم قائدین کی شرکت متوقع

ممبئی ۔ 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کے سربراہ ادھوٹھاکرے جمعرات 28 نومبر کی شام ممبئی کے شیواجی پارک میں مہاراشٹرا کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ ادھوٹھاکرے کی حلف برداری کیلئے شیواجی پارک کو خوبصورتی سے سجایا جارہا ہے جہاں سے ان کے والد اور شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے ہر سال دسہرے کے موقع پر عوام سے خطاب کیا کرتے تھے۔ 59 سالہ ادھوٹھاکرے 20 سال بعد شیوسینا کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ اس سے قبل نارائن رانے نے 1999ء میں چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالا تھا جبکہ منوہر جوشی 1995ء میں شیوسینا کے پہلے چیف منسٹر تھے۔ 28 نومبر کو ادھوٹھاکرے کی حلف برداری کے ساتھ ہی گذشتہ ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے ریاست میں جاری سیاسی ڈرامائی تبدیلیوں اور سرگرمیوں کا سلسلہ ختم ہوجائے گا جس میں اجیت پوار کی حمایت کے دم پر قائم کی گئی بی جے پی کی تین دنوں کی حکومت کا معاملہ بھی شامل ہے۔ اجیت پوار نے بی جے پی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر فڈنویس کے ساتھ ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف بھی لیا تھا لیکن کل انہوں نے استعفیٰ دیکر دوبارہ این سی پی میں واپس آگئے اور کل پارٹی کے اجلاس میں موجود تھے۔ سمجھاجارہا ہیکہ نئی کابینہ میں انہیں شامل کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد چہارشنبہ کو مہاراشٹرا اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا جس میں عبوری اسپیکر کالیداس کولمبکر نے 285 نومنتخب ارکان اسمبلی کو حلف دلایا۔ مقننہ سکریٹری راجندر بھگوت نے بتایا کہ جمعرات کو حلف برداری تقریب کے بعد کابینہ کے اجلاس میں نئے اسپیکر کے انتخاب کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ارکان کی حلف برداری کے موقع پر این سی پی کی رکن پارلیمنٹ سپریاسولے نے اجیت پوار اور روہت پوار کے بشمول پارٹی ارکان کو ودھان بھون کے باب الداخلہ پر ہی خیرمقدم کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ شیوسینا قائد سنجے راوت نے کہا کہ بی جے پی نے مہاراشٹرا میں اقتدار حاصل کرنے کی غلط کوشش کی جس کو عوام نے ناکام بنادیا اور ملک کی سیاست میں نئی تبدیلی کی شروعات کی ہے۔ حلف برداری تقریب کیلئے صدر کانگریس سونیا گاندھی، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالین کے بشمول کئی اہم قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ شیوسینا نے 400 کسانوں کو بھی حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ یہ تقریب شام 6:40 بجے منعقد ہوگی۔