حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں وبائی امراض سے ایک طرف ہزاروں خاندان پریشان ہیں لیکن حکومت صورتحال قابو میں ہونے کا دعویٰ کرتی رہی۔ دوسری طرف چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دختر کویتا خود وبائی بخار سے متاثر ہوچکی ہیں اور انہیں یشودھا ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نظام آباد کی سابق رکن پارلیمنٹ کویتا کو شدید بخار کی حالت میں کل شام یشودھا ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے ہاسپٹل پہنچ کر عیادت کی اور ڈاکٹر سے صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ کے ٹی آر تقریباً 20 منٹ تک اپنی بہن کے پاس رہے جبکہ کے سی آر نے کچھ وقت تک اپنی دختر کے پاس گذارا اور ڈاکٹرس سے بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹرس نے امید ظاہر کی کہ اندرون دو یوم صحت بہتر ہوجائے گی۔