لاک ڈاون سے کاروبار میں خسارہ‘ قرض کا بھا ری بوجھ ‘مایوس تاجر کی کے سی آر سے امدادکی اپیل
حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کی سرکاری رہائش گاہ و کیمپ آفس پرگتی بھون کے قریب آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ملک پیٹ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے خود سوزی کی ناکام کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق 42 سالہ نذیر الدین جس کا تعلق ملک پیٹ سے بتایا گیا ہے آج دوپہر پرگتی بھون کے قریب پہنچ کر اپنے ساتھ لائے ہوئے کیروسین کو جسم پر چھڑک لیا اور آگ لگالینے کی کوشش کی۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چیف منسٹر دیگر وزراء کے ساتھ ایک اہم اجلاس میں مصروف تھے۔ کیمپ آفس پر موجود چوکس پولیس عملے نے نذیر الدین کے اس اقدام کو ناکام بنادیا اور اسے حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نذیر الدین کا فٹ ویر کا کاروبار ہے اور اس نے 4 لاکھ روپئے کا قرض حاصل کیا تھا لیکن مسلسل لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں وہ قرض ادا نہ کرسکا اور اپنے مکان کا کرایہ بھی نہ دے سکا۔ لاک ڈاؤن سے نذیر الدین دلبرداشتہ ہوگیا اور اپنی تکلیف بیان کرنے کیلئے وہ چیف منسٹر کیمپ آفس پہنچ گیا اور وہاں کے حالات کو دیکھ کر اس نے خود سوزی کی ناکام کوشش کی۔ نذیر الدین کو پولیس نے حراست میں لے کر اسے پولیس اسٹیشن پنجہ گٹہ منتقل کیا جہاں پر اس اقدام کے بارے میں تحقیقات کی گئی۔