چیف منسٹر کی زیرقیادت کل جماعتی وفد کی عنقریب وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات

   

حیدرآباد 20 مارچ (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے بتایا کہ تلنگانہ کا کل جماعتی وفد چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں عنقریب دہلی کا دورہ کرے گا جہاں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے 42 فیصد بی سی تحفظات کو پارلیمنٹ سے منظوری کی درخواست کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت نے بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرتے ہوئے اسمبلی میں بل منظور کیا ہے۔ ایس سی زمرہ بندی کے حق میں علیحدہ بل منظور کیا گیا۔ دونوں بلز پر عمل آوری کے لئے پارلیمنٹ کی منظوری ضروری ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ کی تمام اہم سیاسی پارٹیوں کے قائدین کے ساتھ وزیراعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات کا وقت طلب کرتے ہوئے مکتوب روانہ کیا گیا۔ اُمید کی جارہی ہے کہ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے دوران وزیراعظم ملاقات کے لئے وقت دیں گے۔ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کو بھی ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ وزیراعظم کے دفتر سے ربط میں رہیں اور ملاقات کا وقت طے کریں۔ چیف منسٹر نے تمام سیاسی پارٹیوں سے خواہش کی ہے کہ کل جماعتی وفد میں شامل ہوکر بی سی تحفظات کو پارلیمنٹ کی منظوری کے حصول میں مدد کریں۔ 1