چیرمین تلنگانہ وقف بورڈ محمد مسیح اللہ کی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ
حیدرآباد۔16فروری(سیاست نیوز) چیف منسٹر کی سالگرہ تقاریب منانے کا نیا انداز اختیار کرتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ کی سالگرہ پر ترکیہ میں زلزلہ کے متاثرین کی امداد کی جائے گی۔صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے ترکیہ کے زلزلہ کے متاثرین کی امداد کے لئے اپنی ایک ماہ کی مکمل تنخواہ بطور عطیہ قونصل جنرل ترکیہ مسٹر اورہان یلمان اوکان کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سالگرہ 17 فروری کو وہ اپنی ایک ماہ کی تنخواہ زلزلہ کے متاثرین کی امداد کے لئے حوالہ کریں گے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ترکیہ سفارت خانہ کی جانب سے شروع کئے گئے زلزلہ کے متاثرین کی امداد کے لئے بینک کھاتہ میں یہ رقم 17فروری کو منتقل کردی جائے گی اور اس کے رسائد قونصل جنرل ترکیہ متعینہ حیدرآباد کے حوالہ کردیئے جائیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر ترکیہ وشام کے زلزلہ کے مصیبت زدگان کی مدد کے ذریعہ انہیں راحت کاری میں اپنا تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ تشکیل تلنگانہ کے جہدکار اور تلنگانہ کو عالمی نقشہ پر ابھارنے میں اہم کردار ادا کرنے والے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی سالگرہ کے موقع پر مصیبت زدگان کی مدد ہی بہترین خدمت ہوسکتی ہے اسی لئے انہوں نے ترکیہ کے متاثرین کے راحت کاری کاموں میں اپنا تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ مصیبت زدگان کی مدد اور انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے تحت بھارت راشٹر سمیتی خدمات انجام دے رہی ہے اور پارٹی کے ان نظریات کی وجہ سے ہی پارٹی کو ملک بھر کے عوام میں مقبولیت حاصل ہونے لگی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی شخصیت فلاحی و ترقیاتی کاموں کے علاوہ مظلوموں کی مدد کے لئے اپنی منفرد شناخت بناچکی ہے اور آج روئے زمین پر سب سے زیادہ مصیبت میں زلزلہ کے متاثرین ہیں جن کی مدد کرنا ہر ذی حیثیت فرد کی ذمہ داری ہے۔م