چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر وزارت اسپورٹس متحرک

   

ارکان اسمبلی اور فلم اسٹارس کا کرکٹ ٹورنمنٹ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا بیان
حیدرآباد ۔12۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 17 فروری کو سالگرہ کے موقع پر وزارت اسپورٹس کی جانب سے سی ایم کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ وزیر اسپورٹس وی سرینواس گوڑ نے آج ٹورنمنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں میں جرسی کے علاوہ ونر اور رنراپ ٹرافی جاری کیا۔ چیف منسٹر کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر سی ایم کپ میں 9 مختلف ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ سرینواس گوڑ نے بتایا کہ مختلف محکمہ جات کے علاوہ سرکاری ملازمین اور ارکان اسمبلی ان مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹورنمنٹ کے علاوہ شجرکاری پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ شرکت کرنے والی ٹیموں میں ٹالی ووڈ الیون ، ٹالی ووڈ ٹی وی آرٹسٹ الیون ، ٹی این جی اوز الیون ، پولیس الیون ، ٹالی ووڈ ہیروز الیون ، سی آئی آئی الیون پریس کلب الیون ، گزیٹیڈ آفیسرس الیون اور ایم ایل ایز الیون شامل ہیں۔ اس موقع پر اسپورٹس اتھاریٹی کے صدرنشین اے وینکٹیشور ریڈی تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس کے نائب صدر ستیہ نارائنا ، ارون کمار حیدرآباد ضلع کے صدر کرشنا یادو ، حیدرآباد سٹی کے صدر جی وینکٹ، حیدرآباد گراندھالیہ سنستھا کے سابق صدر جی سرینواس یادو کے علاوہ تلنگانہ این جی اوز کے قائدین مجیب اوردوسرے موجود تھے۔ وزیر اسپورٹس نے کہا کہ حکومت تلنگانہ میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ کھیلوں کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں ریاست کا نام روشن کر رہے ہیں۔