چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر گرین انڈیا چیلنج پروگرام

   

ہر شخص کو شجرکاری کے ساتھ سیلفی روانہ کرنے رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کی اپیل
حیدرآباد ۔10۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر کی 17 فروری کو سالگرہ کے موقع پر رکن راجیہ جے سنتوش کمار نے گرین چیلنج مہم کے تحت شجرکاری کے منفرد پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سماج کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کی پیشکشی کے طور پر ایک پودہ لگائیں اور اسے کے سی آر سے موسوم کریں۔ کے سی آر کے نام پودے کے عنوان سے سیلفی لے کر روانہ کی جائے جسے سوشیل میڈیا میں اپ لوڈ کیا جائے گا۔ سنتوش کمار نے آج مہم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر انہیں ایک بامعنی تحفہ پیش کرنا چاہئے ۔ گرین انڈیا چیلنج کے تحت ہر شخص کو ہریتاہارم پروگرام کا حصہ بنتے ہوئے پودہ لگانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پودے کے ساتھ سیلفی وتھ سی ایم کے سی آر تحریر کرتے ہوئے فون نمبر 8790909999 پر روانہ کی جائے ، جسے سوشیل میڈیا میں اپ لوڈ کیا جائے۔ سنتوش کمار نے کہا کہ کے سی آر کو مبارکباد پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے پسندیدہ شجرکاری پروگرام میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے کے سی آر نے شجرکاری مہم کا بڑے پیمانہ پر آغاز کیا۔ آنے والی نسلوں کے لئے ہمیں صاف و شفاف ماحول فراہم کرنا چاہئے جو ان کے لئے بہترین ورثہ رہے گا۔ سنتوش کمار نے کہا کہ سماج کے ہر فرد کو اس مہم میں حصہ لے کر چیف منسٹر سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ریاست کی ترقی کا عظیم ویژن رکھتے ہیں اور ان کی سالگرہ کے موقع پر ہم بطور تحفہ ایک پودا لگاکر ریاست کی بہتر خدمت انجام دے سکتے ہیں۔ سنتوش کمار نے اس مہم کا پوسٹر جاری کیا۔