چیف منسٹر کی سیکوریٹی اور قافلہ کی تبدیلی

   

محکمہ انٹلی جنس کی سفارشات پر عمل ، ریونت ریڈی کے فیصلہ سے عملہ حیرت زدہ
حیدرآباد۔24جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے قافلہ میں موجود سفید گاڑیوں کو تبدیل کرنے کے علاوہ چیف منسٹر کے مکمل سیکوریٹی عملہ کی تبدیلی کے اقدامات نے سب کو حیرت زدہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ انٹلیجنس کی جانب سے کی گئی سفارشات کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی گذشتہ ایک ماہ سے سابقہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے پاس خدمات انجام دینے والے سیکیوریٹی عملہ کے گھیرے میں ہی تھے اور اپنے قافلہ کے لئے سفید گاڑیاں استعمال کررہے تھے اور ان کی اپنی گاڑی بھی اسی قافلہ میں استعمال کر رہے تھے لیکن بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد ان کے قافلہ کو تبدیل کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے کی گئی سفارشات کی بنیاد پر حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔چیف منسٹر کے سیکیوریٹی اہلکاروں کی تبدیلی‘ قافلہ کی تبدیلی کے علاوہ بھی محکمہ انٹلیجنس کی اطلاعات کی بنیاد پر چیف منسٹر کی سیکیوریٹی میں کئی ایک تبدیلیاں کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر کی تبدیلی پر اس طرح کی تبدیلیاں کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ جب کبھی حکومت تبدیل ہوتی ہے تو چیف منسٹر کی سیکیوریٹی کے انتظامات کو تبدیل کیا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ حکومت کی جانب سے بعض اہم اور سخت فیصلہ کرتے ہوئے چیف منسٹرکی سیکیوریٹی کے لئے منفرد انتظامات کئے گئے ہیں ۔عہدیدارو ںکے مطابق حکومت نے ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے یہ اہم سفارشات کی تھیں اور چیف منسٹر کی سیکیوریٹی کے انتظامات میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات میں بھی عہدیداروں کی تبدیلی کی سفارش کی گئی ہے ۔3