حیدرآباد ۔ /5 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے آر ٹی سی ملازمین کو اندرون /5 نومبر ڈیوٹی پر رجوع بکار ہونے کی دھمکی کے بعد آج رات تک جملہ 208 ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین ڈیوٹی کیلئے رجوع ہوئے ہیں ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کاغذ نگر ، حضور نگر بس ڈپو کے علاوہ ہیڈآفس میں گزشتہ 3 دنوں میں جملہ 208 آر ٹی سی ملازمین نے ڈیوٹی کیلئے رپورٹ کیا ہے ۔ ڈیوٹی پر رجوع بکار ہونے والے آر ٹی سی ملازمین میں ڈرائیورس ، کنڈاکٹرس کے علاوہ ڈپٹی ڈپو منیجر اور دیگر عہدہ کے ملازمین شامل ہیں ۔ چیف منسٹر نے دو دن قبل کابینی اجلاس کے بعد اعلان کیا تھا کہ اندرون /5 نومبر ڈیوٹی پر رجوع ہونے والے ہڑتالی ملازمین کی ملازمت برقرار رہے گی اور اس مہلت کے بعد ہڑتالی ملازمین کو ڈیوٹی پر رجوع ہونے کیلئے دوبارہ موقع نہیں دیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے ملازمت کی برخواستگی کی دھمکی کے بعد یہ اندازہ قائم کیا تھا کہ کئی ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین ڈیوٹی پر رجوع ہوں گے لیکن صرف کم تعداد میں ڈیوٹی سے رجوع ہونے پر حکومت کو پھر ایک مرتبہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔