گورنر بنڈارو دتاتریہ کی تقریب کا علحدہ تلنگانہ کی تشکیل میں اہم رول:ریونت ریڈی
حیدرآباد۔13۔اکٹوبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج نمائش میدان میں منعقدہ گورنر ہریانہ مسٹر بنڈارو دتاتریہ کی دختر بنڈارو وجیہ لکشمی کی جانب سے منعقدہ ’’الائی بلائی‘‘ پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے دسہرہ تقاریب کے سلسلہ میں منعقد کئے جانے والے اس پروگرام سے خطاب کیا ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس پروگرام سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل میں اس پروگرام کا کلیدی کردار رہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے تشکیل تلنگانہ میں کی جانے والی تاخیر کو دیکھتے ہوئے مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے اس پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کے اتحاد اور ان کی علحدہ ریاست کے متعلق خواہش کو مرکز تک پہنچانے میں اہم کردار اداکیا تھا اور اس پروگرام کے انعقاد کے ذریعہ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے تلنگانہ کے سیاسی قائدین کے درمیان اتحاد اور عوام کے احساسات کو اس پروگرام کے ذریعہ مرکز تک پہنچانے میں کلیدی کردار اداکیا ہے۔ چیف منسٹر نے اس پروگرام سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد اس پروگرام کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہو ںنے بتایاکہ بنڈارو دتاتریہ کی جانب سے شروع کئے گئے اس پروگرام کو ان کی دختر بنڈارو وجیہ لکشمی کی جانب سے منعقد کرنے کے فیصلہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کا یہ ماننا ہے کہ تلنگا نہ میں دسہرہ تقاریب محض مخصوص پرندے یا درخت کو دیکھنے تک نہیں رہ گئی ہے بلکہ دسہرہ کے موقع پر مسٹر بنڈارو دتاتریہ کا یہ پروگرام ان کی یاد ہمیشہ کے لئے باقی رہنے کا سبب بن چکا ہے اور تلنگانہ میں دسہرہ تہوار کی اہم رسومات میں ’’الائی بلائی ‘‘ پروگرام بھی اہم امر کی حیثیت حاصل کرچکا ہے۔ چیف منسٹر نے مسٹر بنڈارو دتاتریہ کو اس پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سیاسی تحفظات کے بغیر اس پروگرام میں شرکت کرتے ہیں جو کہ اس پروگرام کی کامیابی کی کلید ہے۔ اس پروگرام میں ملک کی مختلف ریاستوںسے تعلق رکھنے والے گورنرس اور تلنگانہ کے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین موجود تھے ۔ گورنر تلنگانہ جشنیو دیو ورما‘ مسٹر وی ہنمنت راؤ سابق رکن راجیہ سبھا ‘ مسٹر گرمیت سنگھ گورنر اترکھنڈ‘ مسٹر وجئے شنکر گورنر میگھالیہ ‘ مسٹر ہری بابو کرشن راؤ باگڈے گورنر راجستھان کے علاوہ صدرپردیش کانگریس مسٹر مہیش کمار گوڑ‘ مسٹر جی کشن ریڈی مرکزی وزیر کانکنی ‘ ڈاکٹر کے لکشمن رکن راجیہ سبھا ‘ مسٹر ایٹالہ راجندر رکن اسمبلی ‘ مسٹر آر کرشنیا کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔ تمام قائدین نے بھی اس ثقافتی و تہذیبی پروگرام کے انعقاد کے لئے بنڈارو دتاتریہ اور ان کے افراد خاندان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل اور تاریخ تلنگانہ میں اس پروگرام کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔چیف منسٹر تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں کے گورنرس نے بھی اس پروگرام کی تہذیبی وثقافتی منصوبہ بندی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ 19 سال سے جاری اس پروگرام کا اہتمام کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے اور کامیابی کے ساتھ وہ یہ پروگرام چلا رہے ہیں۔3