اضلاع میں عدالتوں کی عمارت، بنیادی سہولتوں و تقررات پر گفتگو
حیدرآباد ۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ سے شہر کے مرلی چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر حکومت کے چیف سکریٹری کے رام کرشناراؤ، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری شیشادری، سکریٹری قانون پاپی ریڈی، جسٹس پی سام کوشی، جسٹس ابھینندکمار شاویلی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ اس اجلاس میں ریاست کے عدالتی نظام کیلئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی، عملے کے تقررات کے علاوہ دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ نے حکومت کو مشورہ دیا کہ نئے اضلاع میں جہاں ضروری ہو وہاں عدالت کی عمارتیں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ عملے کے تقررات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس سلسلہ میں کئی تجاویز چیف منسٹر کو پیش کئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ کا یقین دلایا کہ ان کی حکومت پیش کردہ تجاویز پر ہمدردانہ غور کرے گی۔ ترجیحی بنیاد پر ریاست کے مختلف اضلاع کے علاوہ نئے اضلاع کے عدالتوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرے گی۔ ساتھ ہی عملہ کے تقررات پر بھی خصوصی توجہ دے گی۔2