چیف منسٹر کی کرسی کوڑنگل کے پاس 10 سال برقرار رہے گی : ریونت ریڈی

   

Ferty9 Clinic

صنعتی ترقی سے ہر گھر کو روزگار، رکاوٹ کیلئے اپوزیشن کی سازش، عوام سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 30 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیاکہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی توہین کی ہے۔ کوڑنگل میں اپنی قیامگاہ پر جئے باپو ۔ جئے بھیم ۔ جئے سمویدھان مہم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ مرکزی وزیرداخلہ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی توہین کی اور مہاتما گاندھی کے قاتلوں کی تائید کی گئی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ملک میں سماجی انقلاب کی بنیاد ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے رکھی ہے۔ دستور ہند کی تدوین کے ذریعہ امبیڈکر نے تمام طبقات کی یکساں ترقی کے مواقع فراہم کئے اور دستوری حقوق فراہم کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ آج بھی مواضعات میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی پوجا کی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ڈاکٹر امبیڈکر کی تعلیمات کو عام کرنے اور دستور اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے شعور بیداری سے متعلق ہر دیہات میں پروگراموں کے انعقاد کی ضرورت ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ عوام نے مجھے چیف منسٹر کی طاقت عطا کی ہے۔ کے سی آر اسمبلی اجلاس میں شرکت سے اِس لئے گریز کررہے ہیں تاکہ اُن کے دور حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب ہونے سے بچایا جاسکے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اپوزیشن کے جو قائدین اجلاس میں شریک ہورہے ہیں وہ بنیادی اُمور سے واقف نہیں اور وہ سیکھنا بھی نہیں چاہتے۔ سدی پیٹ، گجویل اور سرسلہ سے اقتدار کی کوڑنگل منتقلی کے بعد اپوزیشن قائدین بے چین ہیں اور وہ اقتدار سے محرومی کو ہضم نہیں کرپارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن نے کوڑنگل کو ترقی سے روکنے کی سازش کی ہے۔ ترقیاتی پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ وہ اضلاع کے دورے کرتے ہوئے ریاست کے مفادات کے تحفظ کی ذمہ داری نبھارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کوڑنگل اور کوڑنگل کی عوام کا تحفظ کرنا کانگریس کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کوڑنگل کے پاس چیف منسٹر کی کرسی آئندہ 10 برسوں تک برقرار رہے گی۔1
لہذا 10 برسوں میں کوڑنگل کی ہمہ جہتی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ پراجکٹس کے لئے اراضی کے حصول کے معاملہ میں اپوزیشن کی جانب سے رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ میری ذمہ داری ہے کہ اراضی سے محروم خاندانوں کو قائم ہونے والی کمپنیوں میں 2 ملازمتیں فراہم کی جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ صنعتی ترقی کی کمی کے باعث کوڑنگل سے خاندانوں نے نقل مقام کیا۔ حکومت چاہتی ہے کہ صنعتوں کے قیام کے ذریعہ مقامی افراد کو روزگار فراہم کیا جائے۔ چیف منسٹر نے آئندہ 5 برسوں میں کوڑنگل کی ترقی کے لئے 10 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کوڑنگل کی عوام سے زیادہ میرے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ کوڑنگل کے عوام نے مجھے جو محبت دی ہے وہ میرے لئے اثاثہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ صنعتی ترقی کے نتیجہ میں کوڑنگل میں اراضی کی قیمت فی ایکر ایک کروڑ روپئے تک پہونچ چکی ہے۔1