ریاستی وزراء نے ایل بی اسٹیڈیم کا دورہ کرکے جائزہ لیا ، تین علحدہ زمروں میں اہتمام
حیدرآباد۔10۔اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی جانب سے 12 اپریل کو لال بہادر اسٹیڈیم میں دعوت افطار کی تیاریاں تیزی سے جاری ہے۔ 13 ہزار مدعوئین کے لئے افطار کا اہتمام کیا جائے گا جس میں 6 ہزار اہم شخصیتیں شامل رہیں گی۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے وزیر داخلہ محمد محمود علی کے ہمراہ آج لال بہادر اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر کی جانب سے دعوت افطار کی تاریخ اچانک طئے کئے جانے کے سبب عہدیداروں کو ہنگامی طور پر کاموں کی انجام دہی کے مصروف دیکھا گیا۔ حکومت کے مشیر اے کے خاں ، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ مسیح اللہ خاں، صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن امتیاز اسحاق، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ ، کلکٹر حیدرآباد اموئے کمار کے علاوہ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، برقی ، آبرسانی ، آر اینڈ بی ، ہیلت اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ ہر سال کی طرح چیف منسٹر نے بڑے پیمانے پر دعوت افطار کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسٹیڈیم میں تین علحدہ گوشے تیار کئے جائیں گے جو وی وی آئی پی ، وی آئی پی اور عام مدعوئین کیلئے ہوں گے ۔ بی آر ایس کارکنوں اور دیگر مدعوئین کو عام زمرہ میں رکھا گیا ہے ۔ علماء و مشائخین ، گریٹر حیدرآباد کے ارکان اسمبلی اور کونسل ، ریٹائرڈ آئی اے ایس ، آئی پی ایس عہدیدار اور ریاستی وزراء کو دعوت ناموں کی روانگی کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی ۔ جی ای ڈی کی جانب سے کارڈس کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ لال بہادر اسٹیڈیم کے افراد پولیس اور ٹریفک پولیس کے انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ تمام محکمہ جات بہتر تال میل کے ذریعہ کام کر رہے ہیں۔ حکومت نے دعوت افطار کے سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دی ہے جو دعوت افطار کے علاوہ غریب مستحق افراد میں حکومت کے رمضان گفٹ کی تقسیم کی نگرانی کرے گی ۔ کمیٹی کے صدرنشین وزیر اقلیتی بہبود ہیں جبکہ حکومت کے مشیر کو نائب صدرنشین مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی ، کمشنر جی ایچ ایم سی ، سکریٹری اقلیتی بہبود ، کمشنر ایکسائز ، کمشنر پولیس حیدرآباد ، کمشنر پولیس سائبر آباد ، کمشنر پولیس رچا کنڈہ ، ڈائرکٹر پروٹوکول ڈپارٹمنٹ ، ڈپٹی سکریٹری پنچایت راج اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو شامل کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا تھا کہ دعوت افطار کی تاریخ میں توسیع کریں لیکن چیف منسٹر نے کہا کہ 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی کے بعد سے وہ کافی مصروف رہیں گے۔ر