چیف منسٹر کی 19 جنوری کو ڈاؤس روانگی

   

حیدرآباد ۔7 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ 19 جنوری کو ڈاؤس روانہ ہوں گے جہاں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کیلئے چیف منسٹر نے خود ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ 6 روزہ دورہ کے موقع پر چیف منسٹر عالمی اداروں کے نمائندوں اور صنعت کاروں سے ملاقات کریں گے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے گلوبل کانکلیو سے چیف منسٹر خطاب کریں گے۔ ڈاؤس میں تلنگانہ کا پویلین قائم کیا جائے گا جہاں ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف شعبہ جات کی نشاندہی کی جائے گی۔ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کے موقع پر جاری کردہ تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن ڈاکیومنٹ کو عالمی صنعت کاروں کو پیش کیا جائے گا ۔ عالمی سطح پر ویژن ڈاکیومنٹ کی تشہیر کے لئے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی اور انڈسٹریز کی جانب سے مساعی کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سوئٹزرلینڈ سے چیف منسٹر امریکہ روانہ ہوں گے جہاں آئی ٹی اور دیگر مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے ۔ فارما، گرین اینرجی ، ڈیٹا سنٹر اور لاجیسٹک کمپنیوں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔1
وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور آئی ٹی و صنعت کے اعلیٰ عہدیدار دورہ میں چیف منسٹر کے ہمراہ ہوں گے ۔ واضح رہے کہ 2025 میں ڈاؤس سمٹ کے دوران تلنگانہ میں 178950 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات کئے گئے تھے جس کے تحت 49550 روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ امیزان ویب سرویسز نے 60,000 کروڑ ، سن پٹرو کیمیکلس نے 45500 کروڑ اور ٹل میان گلوبل ہولڈنگس نے 15,000 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات کئے تھے۔ ورلڈ اکنامک فورم 2026 میں حکومت کو دو لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کی امید ہے ۔ گرین اینرجی اور فارما شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے گی۔1