چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ میں 625 اقلیتی امیدواروں کو 10 کروڑ کی منظوری

   

ریونت ریڈی نے چیکس تقسیم کئے، فی کس 1.60 لاکھ سبسیڈی
حیدرآباد 25 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت کوڑنگل اسمبلی حلقہ میں معاشی امداد اسکیم کے تحت 625 اقلیتی درخواست گذاروں کے لئے 10 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے۔ پراجکٹ کے تحت اندرا ڈیری اور شیپ فارمنگ کے لئے کارپوریشن کی جانب سے 2 لاکھ روپئے فی کس مالی امداد فراہم کی جائے گی جس میں 80 فیصد رقم یعنی 1.60 لاکھ روپئے سبسیڈی رہے گی جبکہ 20 فیصد رقم بینک قرض کے طور پر ہوگی۔ پائلیٹ پراجکٹ کے طور پر چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ کوڑنگل میں اسکیم متعارف کی گئی اور 625 درخواست گذاروں میں امدادی رقم کے چیکس حوالے کئے گئے۔ اسکیم کے لئے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی تھیں اور جملہ 1246 درخواستیں داخل کی گئیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اسکیم کے لئے منتخب افراد میں امدادی رقم کے چیکس حوالے کئے۔ 625 میں 11 استفادہ کنندگان کو 17.60 لاکھ کی منظوری دی گئی ہے اور یہ رقم ضلع کلکٹر اور ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے جوائنٹ اکاؤنٹ کے تحت رہے گی۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال چیف منسٹر کے ساتھ چیکس کی تقسیم کے موقع پر موجود تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اقلیتوں کی معاشی ترقی کے لئے ریونت ریڈی نے منفرد اسکیم متعارف کی ہے جس کے تحت ڈیری اور فارمنگ جیسے شعبہ جات کے آغاز کے لئے فی کس ایک لاکھ 60 ہزار روپئے کی امداد کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ جلد ہی اسکیم کو ریاست کے دیگر اضلاع میں توسیع دیتے ہوئے معاشی طور پر کمزور اقلیتی خاندانوں کی مدد کی جائے گی۔1