چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ کوڑنگل میں 2000 سلائی مشینوں کی تقسیم

   

عبیداللہ کوتوال اور تروپتی ریڈی کی شرکت، اقلیتی بہبود کیلئے حکومت کے عہد کا اعادہ
حیدرآباد 4جون (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے انتخابی حلقہ کوڑنگل کے غریب مسلم خواتین میں 2000 سلائی مشین تقسیم کئے گئے۔ تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر کوڑنگل میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صدرنشین کارپوریشن محمد عبیداللہ کوتوال اور کوڑنگل اسمبلی حلقہ کے انچارج چیف منسٹر کے بھائی تروپتی ریڈی نے شرکت کی۔ عبیداللہ کوتوال نے اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے غریب مسلم خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کے لئے سلائی مشینوں کی تقسیم کو منظوری دی ہے۔ کارپوریشن نے 2 مراحل میں تمام اضلاع کا احاطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوڑنگل اسمبلی حلقہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے لئے ریاست میں رول ماڈل بن چکا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی تمام طبقات کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے موجودہ اسکیمات کے لئے درکار فنڈس جاری کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ راجیو یوا وکاسم کی اسکیم اقلیتی نوجوانوں کی ترقی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی جس کے تحت بینک سے مربوط سبسیڈی فراہم کرتے ہوئے نوجوانوں کو تجارتی سرگرمیوں سے وابستہ کیا جائے گا۔ عبیداللہ کوتوال نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری اسکیمات سے مؤثر طور پر استفادہ کریں۔ کوڑنگل اسمبلی حلقہ کے انچارج تروپتی ریڈی نے اقلیتی فینانس کارپوریشن سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ کوڑنگل میں کوئی بھی غریب اقلیتی خاندان سرکاری اسکیمات سے محروم نہیں رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ اقلیتوں نے کانگریس پارٹی کی تائید کی ہے اور حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی ترقی کا عہد کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دیگر اسکیمات میں بھی کوڑنگل کے اقلیتوں کو مناسب حصہ داری دی جائے گی۔ اِس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں اقلیتی خواتین موجود تھیں۔1