ملکارجن کھرگے اور مانکیم ٹیگور کی شرکت ، ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع
حیدرآباد۔16 ۔ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کل 17 ستمبر کو چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ گجویل میں دلت اور گریجن طبقات کے بڑے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ریاست میں 9 اگست کو ہندوستان چھوڑو تحریک کی یاد کے دن کانگریس نے دلت اور گریجن طبقات کے جلسوں کا آغاز کیا تھا ۔ 40 دن تک ہر اسمبلی حلقہ میں ان جلسوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ میں جلسہ کو چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہوئے پارٹی کی طاقت کے مظاہرہ کے تحت ایک لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن اور دلت لیڈر ملکارجن کھرگے کے علاوہ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔ نائب صدر پردیش کانگریس اور سابق مرکزی وزیر بلرام نائک نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گجویل کا جلسہ عام تاریخی رہے گا اور دلت اور گریجن طبقات کوحکومت کی جانب سے وعدوں سے انحراف پر چارج شیٹ جاری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر کو روزگار کی فراہمی اور دلتوںکو تین ایکر اراضی کا وعدہ کیا گیا تھا۔ دلت بندھو اسکیم حضور آباد میں انتخابی فائدہ کیلئے شروع کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ایس سی ، ایس ٹی ، سب پلان کے تحت 65 ہزار کروڑ مختص کئے گئے تھے لیکن یہ رقم خرچ نہیں کی گئی۔ ملو روی نے کہا کہ کل کے جلسہ عام میں میدک اور کاما ریڈی اضلاع سے دلتوں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں دلت اور گریجن طبقات حکومت کی وعدہ خلافی سے سخت ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجویل کے جلسہ عام کے بعد عوامی مسائل پر جدوجہد کیلئے کانگریس نئی حکمت عملی تیار کرے گی ۔ R