وعدوں سے انحراف ، عنقریب گجویل میں جلسہ، ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف منسٹر کی حیثیت سے پہلی میعاد میں کے سی آر کی جانب سے اڈاپٹ کردہ گاؤں موڈو چنتلا پلی (میڑچل ) میں دلتوں اور گریجنوں کے مسائل پر دو روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ میں دلتوں اور گریجنوں کے مسائل پر جدوجہد کیلئے کانگریس پارٹی ان دنوں مختلف اضلاع میں جلسوں کے انعقاد کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سات سال قبل کے سی آر نے میڑچل کے موڈو چنتلا پلی گاؤں کو ترقی کیلئے اڈاپٹ کیا تھا لیکن وہاں کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے گئے۔ عوام کو چیف منسٹر کے وعدوں اور اڈاپٹ کردہ گاؤں کو نظرانداز کرنے سے واقف کرانے کیلئے 24 اگسٹ کی صبح 10 بجے بھوک ہڑتال کا آغاز ہوگا جو 25 اگسٹ کی شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے اڈاپٹ کردہ گاؤں کو نظرانداز کردیا اور تمام کو حقیقت سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد ضمنی چناؤ کے تمام اُمور کی ذمہ داری دامودھر راج نرسمہا کی زیر قیادت کمیٹی کو دی گئی ہے جن میں امیدوار کا انتخاب اور انتخابی مہم کی حکمت عملی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر کے بی جے پی امیدوار ہونے کیلئے کے سی آر ذمہ دار ہیں۔ بی جے پی میں راجندر کی شمولیت کیلئے کشن ریڈی کو نئی دہلی سے چارٹرڈ فلائیٹ سے حیدرآباد لایا گیا تھا۔ کے سی آر نے اس چارٹرڈ فلائیٹ کا انتظام کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ راجندر کی بدعنوانیوں کی تحقیقات کو اچانک روک دیا گیا ہے۔ چیف منسٹر اگر اس معاملہ میں سنجیدہ ہیں تو تحقیقات میں تیزی پیدا کریں۔ تحقیقاتی رپورٹ عوام میں پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی دونوں مختلف پارٹیوں سے قائدین کو خرید رہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ راجندر نے ان کے پی سی سی صدر بننے کے بعد کانگریس میں شمولیت کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا۔ میرے صدر بننے سے پہلے جو واقعات پیش آئے میں لاعلم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دلت اور گریجن طبقات کے جلسوں سے ٹی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ گجویل میں عنقریب جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر استعفی دیتے ہیں تو گجویل سے ان کے خلاف امیدواری کا فیصلہ ہائی کمان کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے دلتوں سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔ کانگریس سے حاصل کردہ قائد کوشک ریڈی کو پہلے ٹکٹ کا وعدہ کیا گیا اور پھر ایم ایل سی نشست کا اعلان کیا گیا۔ یہ دونوں وعدے ادھورے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ریونت ریڈی نے ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار پروین کمار کی ستائش کی اور کرپشن کے خلاف ان کی جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی کے ساتھ ملکر کام کرنے کے بارے میں پارٹی کی سیاسی اُمور کمیٹی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کی توسیع میں ابھی وقت لگ سکتا ہے کیونکہ پارٹی عوامی مسائل پر جدوجہد میں مصروف ہے۔R
