نرمل ۔ 7 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی جو 6 اپریل کو ایک روزہ مصروف ترین دورہ پر پہنچ کر کروڑہا روپیہ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ دو اضلاع نرمل اور عادل آباد کا دورہ کیا۔ نرمل ضلع کے مشہور سرسوتی دیوی کے مندر میں خصوصی پوجا کے بعد وہاں بھی کئی ایک ترقیاتی کاموں کا انہوں نے سنگ بنیاد رکھا ان کی آمد پر نرمل ضلع کے کئی کانگریس قائدین باسر کے سرسوتی مندر ان کے استقبال کے لئے پہنچے تھے جبکہ نرمل بلدیہ کے حال میں نو منتخب صدر نشین بلدیہ اے کاویا چکراوانی ان کے شوہر اے گنیش چکراوانی نے ان سے ملاقات کی تو وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے انہیں خصوصی توجہ دیتے ہوئے نرمل میں شاندار کانگریس کی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی، ساتھ ہی حلقہ اسمبلی نرمل کے انچارج کے سری ہری راؤ کو بھی مبارکباد پیش کی۔ اس دورہ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کے سری ہری راؤ پر زیادہ توجہ مرکوز کی تھی جس کا ہر سیاسی قائد نے اس بات کو نوٹ کیا پوجا سے قبل بھی سری ہری راؤ کے ہاتھوں ناریل پھوڑنے کی ہدایت دی اور ہیلی کاپٹر کے پاس بھی سری ہری راؤ کو زیادہ اہمیت دیتے ہوئے دیکھے گئے۔ یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ گزشتہ انتخابات میں کے سری ہری راؤ اسمبلی انتخابات میں شکست سے دوچار ہوگئے تھے لیکن انہوں نے اپنی پارٹی سرگرمیوں میں مسلسل محنت کرتے ہوئے سرپنچ انتخابات اور بلدی انتخابات میں پارٹی کے لئے انہیں شاندار خدمات کو برقرار رکھا وہ ریاست تلنگانہ میں کسی اہم نامزد عہدہ کے حقدار بھی ہیں۔