مخالف کسان قوانین سے دستبردارہونے مرکز سے مطالبہ
بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے 10 دسمبر کو سدی پیٹ میں منعقدہ ہونے والے چیف منسٹر کے سی آر کے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ گراونڈ پہونچکر مشاہدہ کیا ۔ 8 دسمبر کو منعقد ہونے والے بھارت بند کی مکمل تائید و حمایت کی ۔ گراونڈ کے معائنہ کے دوران ضلع کلکٹر وینکٹ رام ریڈی اور کمشنر پولیس جوئیل ڈیوس کے علاوہ دوسرے عہدیداروں کے ساتھ پارٹی کے مختلف قائدین بھی موجود تھے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو تیاریوں میں کوئی غفلت نہ برتنے کا مشورہ دیا ۔ جلسہ گاہ میں شریک ہونے والے عوام کو تمام سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا ۔ قبل ازیں ٹی ہریش راؤ نے حسن آباد مارکٹ کمیٹی کی نئی عاملہ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں اور قوانین کی وجہ سے کسان کھیتوں میں کام کرنے کے بجائے سڑکوں پر احتجاج کرنے کے لیے مجبور ہوگئے ہیں اس کی بی جے پی کو قیمت چکانی پڑے گی ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری کسانوں کے مفادات کو نقصان پہونچانے والے قوانین سے دستبردار ہوجائے بصورت دیگر ٹی آر ایس بھی کسانوں کی تائید میں منظم کئے جانے والے احتجاج میں شدت پیدا کردے گی ۔ وزیراعظم نریندر مودی غریب کسانوں کو نقصان پہونچاتے ہوئے دولت مند کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہونچا رہے ہیں ۔ کسانوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی مرکزی حکومت کو اجازت نہیں ہے ۔ وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے 8 دسمبر کو منظم ہونے والے بھارت بند کو کامیاب بنانے کی تلنگانہ کے عوام اور کسانوں سے اپیل کی ہے ۔۔