825 خصوصی بسوں کا انتظام کرنے ، بلا وقفہ برقی سربراہ کرنے کی ہدایت دی
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے 16 اگست کو حضور آباد میں منعقد ہونے والے چیف منسٹر کے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ عہدیداروں اور عوامی منتخب نمائندوں کو ہدایت دی کہ وہ انتظامات پر خصوصی توجہ دیں۔ اس موقع پر ریاستی وزراء جی کملاکر اور کے ایشور کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ چیف منسٹر کے جلسہ عام میں عوام کو منتقل کرنے کیلئے 825 خصوصی بسوں کا انتظام کرنے پر زور دیا ۔ ہریش راؤ نے آج صبح حضور آباد منڈل کے شالاپلی گاؤں میں جلسہ گاہ کے مقام کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر وزیر فینانس نے سرکاری عہدیداروں پولیس ملازمین اور ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں کو ضروری ہدایتیں دی اور بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر دلت بندھو اسکیم کا اسی جلسہ عام سے آغاز کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر کے جلسہ عام کیلئے انہوں نے 10 بلاکس تیار کرنے پر زور دیا 5 بلاکس کو خواتین کیلئے اور 5 بلاکس عوام اور عوامی منتخب نمائندوں کو مختص کرنے کا مشورہ دیا ۔ وی آئی پیز اور میڈیا کیلئے علحدہ علحدہ گیلریز بنانے کی ہدایت دی ۔ جلسہ گاہ شہ نشین کے قریب فنکاروں کیلئے علحدہ بلاکس بنانے اور بلا وقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ عوام کو جلسہ گاہ تک پہنچانے کیلئے 825 خصوصی بسوں کا انتظام کرنے اور ہر بس کیلئے ایک انچارج مقرر کرنے ، استفادہ گان کیلئے کھانے پینے کا انتظام کرنے پر زور دیا ۔ ہر کسی کو لازمی طور پر ماسک لگانے پر زور دیا ۔ چیف منسٹر کے جلسہ عام میں ٹریفک مسائل پیدا نہ ہونے کا پولیس کمشنر کو مشورہ دیا۔ خواتین کے بلاکس کے پاس خاتون پولیس اور مردوں کے بلاکس کے پاس مرد پولیس ملازمین کو تعین کرنے کا پولیس کمشنر کو ہریش راؤ نے مشورہ دیا۔