انتخابی وعدہ یاد دلانے کی کوشش ناکام
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے انتخابی حلقہ گجویل سے تعلق رکھنے والے عوام اپنے مسائل کی فریاد لیکر سرسلہ پہنچ گئے لیکن انہیں چیف منسٹر سے ملاقات کا موقع نہیں ملا۔ گجویل سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے سرسلہ میں ایک جھاڑ کے نیچے قیام کرتے ہوئے چیف منسٹر کی راہ دیکھی لیکن انہیں مایوسی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی انتخابات کے وقت کے سی آر نے پٹہ جات الاٹ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے شکایت کی کہ مسائل کی سماعت کیلئے چیف منسٹر ملاقات کا موقع نہیں دے رہے ہیں۔ گجویل سے تعلق رکھنے والے اس گروپ نے کہا کہ وہ ہر اس مقام کو جارہے ہیں جہاں چیف منسٹر دورہ کررہے ہیں تاکہ اپنی آواز پہنچائیں۔ غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہ مکانات سے محروم ہیں اور سڑک پر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ کلکٹریٹ کے روبرو جمع ہونے والے گجویل کے باشندوں کو پولیس نے منتشر کردیا۔واضح رہے کہ چیف منسٹر 10 روزہ پلے پرگتی پروگرام کے تحت اضلاع کے دورے پر ہیں تاکہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے سکیں۔ اُنھوں نے اس پروگرام کے تحت گجویل کا دورہ نہیں کیا۔