توپران اور گجویل میونسپلٹیز کے لیے انچارجس کا تقرر
حیدرآباد۔10 جنوری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری بی سریکانت نے کہا کہ بلدی انتخابات میں چیف منسٹر کے سی آر کے علاقے میں کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی۔ توپران میونسپلٹی کے انچارج کی حیثیت سے تقرر کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی سریکانت نے کہا کہ کانگریس کا موقف مستحکم ہے اور چیف منسٹر کے علاقے میں کانگریس کا پرچم لہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ توپران میونسپلٹی میں صورتحال کانگریس کے حق میں سازگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے انتخابی حلقے گجویل کے علاوہ توپران میونسپلٹی میں کامیابی کے لیے ٹی آر ایس سخت جدوجہد کررہی ہے اور دولت اور طاقت کے استعمال کے ذریعہ کامیابی کا منصوبہ ہے۔ وزیر فینانس ہریش رائو کو دونوں میونسپلٹیز کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ کانگریس نے بھی دونوں علاقوں کے چنائو کو وقار کا مسئلہ بنایا ہے۔ کانگریس چاہتی ہے کہ دونوں میونسپلٹیز میں کانگریس کے موقف کو مزید مستحکم کیا جائے۔ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نے پارٹی کے سکریٹری سریکانت کو توپران کی ذمہ داری دی جبکہ سابق رکن اسمبلی ٹی نرسا ریڈی کو گجویل کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں قائدین نے اپنے الاٹ کردہ میونسپلٹیز میں انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔