چیف منسٹر کے خلاف سابق حکومت میں درج دونوں مقدمات کالعدم

   

عوامی نمائندوں کے مقدمات کی خصوصی عدالت کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کو عوامی نمائندوں کے مقدمات سے متعلق خصوصی عدالت میں اس وقت راحت ملی جب عدالت نے ان کے خلاف دو مقدمات کو کالعدم کردیا۔ نلگنڈہ ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن اور کاڈی پلی پولیس اسٹیشن میں ریونت ریڈی کے خلاف درج مقدمات کو خصوصی عدالت نے کالعدم کردیا۔ صدر پردیش کانگریس کے طور پر ریونت ریڈی کے خلاف یہ مقدمات درج کئے گئے تھے۔ 2021 میں کانگریس پارٹی کے احتجاج کے دوران یہ مقدمات درج کئے گئے ۔ اس وقت کی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف کانگریس نے ریالیاں منظم کی تھیں اور احتجاج کے نتیجہ میں ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل پڑا تھا۔ پولیس سے اجازت کے بغیر احتجاج پر یہ مقدمات درج کئے گئے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی دونوں مقدمات کی سماعت میں شریک ہونے کیلئے 26 جولائی کو عدالت میں پیش ہوئے تھے ۔ سرکاری وکلاء اور ریونت ریڈی کے وکلاء کی بحث کے بعد خصوصی عدالت نے فیصلہ محفوظ کردیا تھا جسے آج سنایا گیا ۔ عدالت نے شواہد کی کمی کے سبب دونوں مقدمات کو کالعدم کردیا۔1