حیدرآباد: بھونگیر کے واسلامری گاؤں میں منگل کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ لنچ کرنے والی خاتون اچانک بیمار ہوگئی ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تورپو پلی منڈل کے واسلامری گاؤں کو ترقی دینے کیلئے اڈاپٹ کیا ہے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ 22 جون کو گاؤں کا دورہ کیا اور 3000 گاؤں والوں کے ساتھ اجتماعی لنچ کا اہتمام کیا ۔ چیف منسٹر کے بازو بیٹھ کر لنچ کرنے والی ضعیف خاتون آکولا آگاویا کی طبیعت دعوت کے دن رات میں اچانک خراب ہوگئی ۔ اس خاتون کو علاج کے لئے بھونگیر ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ بعد میں حالت میں سدھار کے بعد کل انہیں واسلامری گاؤں واپس بھیج دیا گیا ۔ چیف منسٹر کے بازو بیٹھ کر لنچ کرنے والی خاتون کی طبیعت بگڑتے ہی سوشیل میڈیا میں یہ خبر گشت کرنے لگی۔ میڈیا میں اس خبر کو اہمیت کے ساتھ پیش کیا گیا ۔ بڑی تعداد میں گاؤں والوں کے جمع ہونے سے کورونا کا خدشہ ظاہر کیا گیا لیکن ضعیف خاتون کورونا سے متاثر نہیں تھی۔ لنچ کے بعد چیف منسٹر نے گرام سبھا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ واسلامری میں آگاویا ان کی واحد دوست ہیں۔ چیف منسٹر کے اجتماعی لنچ میں 22 سے زیادہ ڈشس موجود تھیں۔