چیف منسٹر کے سخت گیر رویہ کے سبب خودکشی کے واقعات ، پروفیسر کودنڈا رام کا الزام

   

حیدرآباد۔28 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے الزام عائد کیا کہ آر ٹی سی ملازمین کے بارے میں چیف منسٹر کے سخت گیر موقف کے نتیجہ میں خودکشی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ ہڑتال کے آغاز سے لے کر آج تک تقریباً 14 ملازمین کی موت واقع ہوگئی جن میں تین ملازمین نے خودکشی کرلی ۔ افسوس کی بات ہے کہ چیف منسٹر کو ملازمین کی موت کا کوئی غم نہیں ہے ۔ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مسائل کا جائزہ لینے کے بجائے ملازمین کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں حکمرانوں کا سخت گیر رویہ عوام کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے ۔ کے سی آر نے جمہوری اقدار کو پامال کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین سے بات چیت سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں چیف منسٹر نے آر ٹی سی کو بہر صورت ختم کرنے کی بات کہی جس سے ہزاروں ملازمین دلبرداشتہ ہوچکے ہیں جس کا تازہ ثبوت کھمم میں خاتون کنڈکٹر کی خودکشی کا واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات کے باوجود ملازمین کو ستمبر کی تنخواہ جاری نہیں کی گئی جبکہ عدالت میں حکومت کے وکیل نے تنخواہوں کی ادائیگی سے اتفاق کیا تھا۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ ہائی کورٹ نے دستور کے دائرہ میں مذاکرات کی ہدایت دی لیکن حکومت یونین کے قائدین کے ساتھ قیدیوں جیسا سلوک کر رہی ہے۔