وزیر جل شکتی سے آج ملاقات، کل امیت شاہ کے اجلاس میں شرکت
حیدرآباد۔24 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دو روزہ دورہ پر نئی دہلی پہنچ گئے۔ اسمبلی اجلاس اور بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس میں شرکت کے بعد چیف منسٹر نئی دہلی روانہ ہوئے۔ وہ کل 25 ستمبر کو مرکزی وزیر برائے جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت سے ملاقات کریں گے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درمیان کرشنا اور گوداوری کے پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر تنازعہ کے پس منظر میں تلنگانہ کا موقف پیش کریں گے ۔ مرکز نے دونوں دریاؤں پر تعمیر کردہ آبپاشی پراجکٹس کو کنٹرول میں لینے کا فیصلہ کیا ہے جس پر دونوں ریاستوں کو اعتراض ہے۔ چیف منسٹر 26 ستمبر کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے وگنان بھون میں منعقد شدنی چیف منسٹرس کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ملک میں بائیں بازو انتہا پسندی کے مسئلہ پر یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ توقع ہے کہ اجلاس میں کے سی آر کی ملاقات وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ہوگی۔ تقریباً دو سال کے وقفہ کے بعد دونوں چیف منسٹرس کی ملاقات ہوسکتی ہے۔ چیف منسٹر دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکزی وزیر برائے فوڈ اینڈ سیول سپلائیز پیوش گوئل سے بات چیت کریں گے۔ چیف منسٹر 26 ستمبر کی شام حیدرآباد واپس ہوں گے۔ ر