چیف منسٹر کے سی آر سب سے بڑے ہندو: ہریش راؤ

   

بی جے پی سیاسی مفاد پرستی کیلئے عوام کے درمیان نفرت کے بیج بورہی ہے
حیدرآباد ۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیرفینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سب سے بڑے ہندو ہیں۔ تلنگانہ میں منادر کی تعمیرات، پجاریوں کو تنخواہیں اس کا زندہ ثبوت ہے جبکہ بی جے پی صرف سیاسی مفادات کیلئے مذہب کا استعمال کرتے ہوئے ہر چیز کو ہندو ۔مسلم سے جوڑ رہی ہے۔ حسن آباد منڈل کے سیتارام چندرا سوامی مندر میں پوجا کرنے کے بعد 40 لاکھ روپئے کے مصارف سے اس مندر کو ترقی دینے کا ہریش راؤ نے اعلان کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر کو مذہب سے قریب رہنے والا سب سے بڑا ہندو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر منادر تعمیر کرنے کے ساتھ منادر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1200 کروڑ روپئے کے مصارف سے یدادری مندر کو ترقی دی گئی ہے۔ 600 کروڑ روپئے کے مصارف سے کنڈاگٹو کو ترقی دی جارہی ہے۔ پجاریوں کو تنخواہیں دینے کے علاوہ منادر کی ترقی پر توجہ دینے والی کے سی آر کی واحد حکومت ہے۔ 10 ہزار منادر میں دیپ جلانے کیلئے دی جانے والی رقم کو 6 سے بڑھا کر 10 ہزار روپئے کردیا گیا ہے۔ بی جے پی سیاسی مفادات کیلئے مذہب اور ہندوتوا کے مسئلہ کو ہوا دے رہی ہے۔ ہر مسئلہ کو مذہب سے جوڑتے ہوئے سماج کے مختلف طبقات میں نفرت کے بیج بورہی ہے جبکہ کے سی آر حکومت جہاں مذاہب کا احترام کرتی ہے وہیں سماج کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے۔ کانگریس اقتدار کی لالچ میں اندھی ہوگئی، جن ریاستوں میں کانگریس پارٹی برسراقتدار ہے وہاں کئے گئے وعدوں پر عمل نہیں ہورہا ہے اور ایسے وعدے کئے گئے جن پر عمل مشکل ہے۔ اسی طرح کے وعدے کرتے ہوئے تلنگانہ میں اقتدار حاصل ہونے پر ان وعدوں کو پورا کرنا مشکل ہے اور اس طرح تلنگانہ کے عوام کو بھی دھوکہ دیا جارہا ہے۔ن