ٹکٹ نہ ملنے پر ناراضگی کی تردید ، محبوب نگر کے امیدوار کو کامیاب بنانے مکمل تعاون کا اعلان
حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چند رشیکھر راؤ نے مجھے ہمیشہ اپنے حقیقی بھائی کی طرح سمجھا ہے اور انہوں نے محبوب نگر حلقہ لوک سبھا کی ترقی کیلئے جو فیصلہ کیا ہے اس سے مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ مسٹر جتیندر ریڈی رکن پارلیمنٹ حلقہ لوک سبھا محبوب نگر نے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے ٹکٹ نہ دئیے جانے پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے جو ذمہ داری دی جائے گی اسے پورا کرنے کیلئے تیار ہیں اور وہ پارٹی سے قطع تعلق کے سلسلہ میں غور بھی نہیں کر رہے ہیں۔ مسٹر جتیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے انہیں اب تک جو ذمہ داری تفویض کی ہے انہوں نے اسے بہ خوبی انجام دینے کی کوشش کی ہے اور ان کوششوں کی پارٹی صدر اور مختلف گوشوں سے سراہنا بھی کی جاتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی وہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے جو ذمہ داری تفویض کی جائے گی اسے پورا کرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں ۔ مسٹر جتیندر ریڈی نے کہا کہ پارٹی نے حلقہ محبوب نگر سے جو امیدوار میدان میں اتارنے کا اعلان کیا ہے اس کی کامیابی کیلئے وہ خدمات انجام دیں گے اور مستقبل میں بھی پارٹی کی ہدایت کے مطابق تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو مستحکم کرنے کے لئے سرگرم رہیں گے۔ مسٹر جتیندر ریڈی رکن پارلیمنٹ محبوب نگر کو تلنگانہ راشٹر سمیتی نے ان کی اپنی نشست سے مقابلہ کرنے کا موقع فراہم نہ کرتے ہوئے حلقہ محبوب نگر سے مسٹر ایم سرینواس ریڈی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد یہ کہا جا رہاتھا کہ مسٹر جتیندر ریڈی پارٹی کے فیصلہ کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے لیکن انہوں نے تمام قیاس آرئیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ راشٹر سمیتی میں برقرار رہتے ہوئے پارٹی صدر کے احکام کے مطابق خدمات انجام دیں گے اور جو ذمہ داری دی جائے گی اسے پورا کریں گے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے جتیندر ریڈی کو حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ سے مقابلہ کی پیش کش کی ہے لیکن انہو ںنے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ مسٹر جتیندر ریڈی سے مسٹر ایم سرینواس ریڈی کی ملاقات کے بعد مسٹر جتیندر ریڈی کے رویہ میں نرمی پیدا ہوچکی ہے جبکہ وہ چند یوم قبل تک بھی ٹکٹ نہ دئیے جانے پر دیگر سیاسی جماعتوں سے ٹکٹ کے حصول کیلئے کوشاں تھے لیکن کانگریس کی جانب سے حلقہ محبوب نگر سے امیدوار کے اعلان کے بعد سے وہ مایوس ہوچکے تھے۔