چیف منسٹر کے سی آر نے واسلا مری دیہات کا تین گھنٹوں تک دورہ کیا

,

   

۔ 4 کیلو میٹر پیدل راستہ طئے کرتے ہوئے 60 دلت خاندانوں سے ملاقات، ڈبل بیڈروم مکانات ، پنشن اور دیگر سہولتوں کا وعدہ

حیدرآباد۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج بھونگیر ضلع کے ترکا پلی منڈل کے موضع واسلا مری کا ایک روزہ دورہ کرتے ہوئے گاؤں والوں کے مسائل کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے تقریباً تین گھنٹوں تک 4 کیلو میٹر پیدل چلتے ہوئے گھر گھر پہنچ کر صورتحال کے بارے میں آگاہی حاصل کی ۔ انہوں نے گاؤں والوں کو دلت بندھو اسکیم کے تحت امداد کی فراہمی کا تیقن دیا، اس کے علاوہ پنشن ، راشن کارڈ، زراعت کے لئے ٹریکٹر اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ چیف منسٹر نے اس گاؤں کو ترقی دینے کیلئے اڈاپٹ کیا ہے۔ 40 دن کے وقفہ میں چیف منسٹر کا یہ دوسری مرتبہ واسلا مری کا دورہ ہے۔ 22 جون کو چیف منسٹر نے پہلی مرتبہ گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے گاؤں والوں کے ساتھ اجتماعی لنچ کیا تھا ۔ 12 بجے دن سے سہ پہر 3 بجے تک چیف منسٹر نے عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ دلت خاندانوں سے ملاقات کی۔ دلت واڑہ کے تقریباً 60 مکانات کا شخصی طور پر چیف منسٹر نے دورہ کیا اور گھر والوں سے ان کے مسائل دریافت کئے ۔ انہوں نے بے گھر دلت خاندانوں کو ڈبل بیڈروم فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم کے بارے میں ہر دلت خاندان کو معلومات حاصل کرنی چاہئے ۔ اس اسکیم کے تحت حکومت 10 لاکھ روپئے تک مالی امداد فراہم کرے گی۔ انہوں نے دلت خاندانوں سے سوال کیا کہ 10 لاکھ روپئے حاصل ہونے پر وہ کیا کریں گے ۔ بعض افراد نے اس رقم سے ڈیری فارم کے قیام کا ارادہ ظاہر کیا تو بعض نے ٹریکٹر کی خریدی اور بعض نے زراعت میں اس رقم کو استعمال کرنے کے منصوبہ سے چیف منسٹر کو واقف کرایا ۔ چیف منسٹر نے ہر شخص کو نام بنام مخاطب ہوتے ہوئے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ انہوں نے ضعیف افراد سے پنشن کی وصولی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ جن افراد کو ابھی تک پنشن جاری نہیں ہوا ہے ، انہیں فوری طور پر پنشن منظور کیا جائے ۔ ضلع کلکٹر کو چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں کارروائی کی ہدایت دی۔ دلت واڑہ میں خستہ حال مکانات دیکھ کر چیف منسٹر نے افسوس کا اظہار کیا اور بعض مکانات میں اندر داخل ہوتے ہوئے بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے دلت خاندانوں سے کہا کہ وہ دلت بندھو کی امدادی رقم کے بہتر استعمال کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے دلت کالونی کے علاوہ دیگر کالونیوں کے مسائل کا بھی جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے ضعیف العمر خواتین کے مسائل کی سماعت کی اور اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ بعض افراد نے شکایت کی کہ گھر کے سامنے سڑک کی کمی کے نتیجہ میں بارش کا پانی مکانات میں داخل ہورہا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کالونی کی سڑکوں کی تعمیر کے بارے میں منصوبہ تیار کریں۔ 20 بیڑی ورکرس نے چیف منسٹر سے شکایت کی کہ انہیں پنشن جاری نہیں کیا گیا جس پر چیف منسٹر نے اندرون دو یوم پنشن منظور کرنے کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ بیڑی مزدوروں کے بچوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ ایک دلت خاندان کے گھر کے روبرو جب چیف منسٹر پہنچے تو اس خاندان نے مالی امداد کی درخواست کی۔ خاندان کے افراد نے بتایا کہ ان کے داماد ڈرائیور ہیں ، لہذا ان کی بیٹی کی مالی مدد کی جائے۔ چیف منسٹر نے دلت بندھو اسکیم کے تحت ٹریکٹر کی فراہمی کا تیقن دیا۔چیف منسٹر نے پنشن ، 24 گھنٹے برقی سربراہی ، پینے کے پانی کی سربراہی ، رعیتو بندھو اور حکومت کی دیگر اسکیمات کے بارے میں سوالات کئے ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ سابق صدر نشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار ، رکن اسمبلی سنیتا مہیندر ریڈی ، رکن کونسل جی وینکنا ، کلکٹر پی ستپتی ، کمشنر پولیس مہیش بھاگوت، مقامی عوامی نمائندوں کے علاوہ عہدیدار موجود تھے۔ گاؤں کے دورہ کے بعد چیف منسٹر نے سرپنچ انجنیلو کے مکان پہنچ کر لنچ کیا ۔ بعد میں کے سی آر نے کسانوں کے جلسہ سے خطاب کیا۔