چیف منسٹر کے سی آر کا آج دورہ ناگر جنا ساگر ہالیہ گاؤں میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ

   

حیدرآباد۔یکم ؍ اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کل 2 اگسٹ کو ناگر جنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ہالیہ گاؤں کا دورہ کریں گے۔ ضمنی انتخابات کے موقع پر چیف منسٹر نے ترقی کیلئے اس گاؤں کو اڈاپٹ کیا تھا۔ چیف منسٹر نے حال میں گاؤں کا دورہ کرکے گاؤں والوں کے ساتھ لنچ لیا اور کئی اسکیمات کا اعلان کیا تھا۔ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کا جائزہ لینے چیف منسٹر پیر کو ہالیہ پہنچ رہے ہیں۔ کے سی آر صبح 10 بجے سڑک کے راستہ بیگم پیٹ ایر پورٹ پہنچیں گے اور وہاں سے 10:40 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ہالیہ روانہ ہوں گے۔ 10:55 بجے ہالیہ مارکٹ یارڈ پہنچ کر ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ترقیاتی کاموں کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں جائزہ لیں گے۔ دوپہر میں رکن اسمبلی این بھگت کی قیامگاہ پر کے سی آر لنچ کریں گے۔ دوپہر 2:10 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ حیدرآباد واپسی ہوگی۔ دورہ کے سلسلہ میں عہدیداروں اور عوامی نمائندوں نے تیاریوں کا آغاز کردیا ۔ واضح رہے کہ ناگرجنا ساگر ضمنی انتخابات کے موقع پر چیف منسٹر نے حلقہ کیلئے کئی ترقیاتی اسکیمات کا اعلان کیا تھا۔ توقع کی جارہی ہے کہ چیف منسٹر کے دورہ سے ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی پیدا ہوگی۔