مرکزی وزیر جل شکتی سے ملاقات اور وزارت داخلہ کے اجلاس میں شرکت کا پروگرام
حیدرآباد۔23 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 24 ستمبر کو نئی دہلی روانہ ہوں گے ۔ جمعہ کی صبح قانون ساز اسمبلی کے اجلاس اور بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد چیف منسٹر نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ وہ 25 ستمبر کو مرکزی وزیر برائے جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت سے ملاقات کریں گے ۔ 26 ستمبر کو وگنان بھون میں مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ چیف منسٹر دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکزی وزیر برائے فوڈ اینڈ سیول سپلائیز پیوش گوئل سے بات چیت کریں گے اور اسی دن حیدرآباد واپس ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزارت داخلہ نے ملک میں بائیں بازو ماؤسٹ سرگرمیوں کے مسئلہ پر چیف منسٹرس کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں تلنگانہ میں بائیں بازو ماؤسٹ سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا ، انٹلیجنس کے سربراہ انیل کمار اور دیگر اعلیٰ عہدیداراجلاس میں شریک تھے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کے مطابق چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش ، اوڈیشہ ، جھارکھنڈ ، بہار ، مغربی بنگال ، آندھراپردیش ، تلنگانہ ، مہاراشٹرا اور کیرالا بائیں بازو انتہا پسند سرگرمیوں سے متاثر ہیں۔ ریاستوں سے اس سلسلہ میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ مرکز کی جانب سے بائیں بازو انتہا پسندی سے متاثرہ ریاستوںکو خصوصی امداد فراہم کی جاتی ہے جس کے تحت سیکوریٹی ایجنسیوں کو انفراسٹرکچر کی فراہمی اور ماؤسٹوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے عہدیداروں اور شہریوں کو ایکس گریشیا ادا کیا جاتا ہے ۔ ر