مخالف بی جے پی محاذ کیلئے مختلف قائدین سے ملاقات کا منصوبہ
حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ کی تیاری کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جاریہ ہفتہ دہلی کا دورہ کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر دہلی میں تین روزہ قیام کریں گے اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تیسرے محاذ کیلئے رائے حاصل کریں گے۔ چیف منسٹر قومی اور علاقائی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ مختلف قائدین سے ملاقات کے بارے میں وقت حاصل کرلیا گیا ہے۔ کئی سیاسی جماعتوں نے دہلی میں ملاقات سے اتفاق کیا تھا۔ جن قائدین سے ملاقات ہوگی اس بارے میں تفصیلات کو راز میں رکھا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے حال ہی میں دورہ ممبئی کے موقع پر اپوزیشن قائدین سے حیدرآباد یا دہلی میں ملاقات کا اعلان کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کئی ریٹائرڈ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں سے بھی ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ قومی سطح پر خدمات انجام دینے کے بعد سبکدوش ہونے والے عہدیداروں سے ملاقات کا امکان ہے۔ مرکز کی جانب سے ریاستوں کے اختیارات کو سلب کرنے اور فنڈز کی اجرائی میں جانبداری جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کے سی آر کے دورہ کے سلسلہ میں پارٹی قائدین اور ارکان پارلیمنٹ نے ملاقاتوں کے پروگرام کو قطعیت دی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے سی آر قیام کے دوران دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے حالیہ عرصہ میں تیسرے محاذ کے سلسلہ میں ممتا بنرجی، دیوے گوڑا، ایم کے اسٹالن، شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے سے مذاکرات کئے ہیں۔ر